• KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:54am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:20am Sunrise 6:47am
  • KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:54am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:20am Sunrise 6:47am

’سات دن محبت ان‘ نے ’وجود‘ اور ’آزادی‘ کو پیچھے چھوڑ دیا

شائع June 19, 2018
رومانٹک کامیڈی فلم نے تمام فلموں کو پیچھے چھوڑ دیا—اسکرین شاٹ
رومانٹک کامیڈی فلم نے تمام فلموں کو پیچھے چھوڑ دیا—اسکرین شاٹ

عیدالفطر کے موقع پر ریلیز ہونے والی لولی وڈ کی رومانٹک کامیڈی فلم ’سات دن محبت ان‘ نے ابتدائی 2 دن میں ریکارڈ کمائی کرتے ہوئے ’وجود‘ اور ’آزادی‘ کو پیچھے چھوڑ دیا۔

عیدالفطر کے موقع پر پاکستان سمیت دنیا بھر میں لولی وڈ کی 3 فلموں ’سات دن محبت ان، وجود اور آزادی‘ کو ریلیز کیا گیا تھا۔

پہلے ہی یہ توقع کی جا رہی تھی کہ ماہرہ خان اور شہریار منور کی رومانٹک کامیڈی فلم ’سات دن محبت ان‘ ریکارڈ کمائی کرنے میں کامیاب ہوجائے گی۔

اگرچہ تینوں لولی وڈ فلموں نے ماضی کی تمام فلموں کو کمائی میں پیچھے چھوڑ دیا، تاہم ’سات دن محبت ان‘ ریلیز کے ابتدائی 2 دن میں ریکارڈ کمائی کرنے والی پہلی فلم بن گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: اس عیدالفطر یہ پاکستانی فلمیں دیکھیں

پاکستانی باکس آفس پر نظر رکھنے والے شوبز نشریاتی ادارے ’ڈیٹیل باکس آفس‘ کی رپورٹ کے مطابق ’سات دن محبت ان‘ نے ریلیز کے ابتدائی 2 دن میں مجموعی طور پر ساڑھے 3 کروڑ روپے بٹور کر نیا اعزاز حاصل کیا۔

ماہرہ خان اور شہریار منور کی رومانٹک کامیڈی فلم نے ریلیز کے پہلے ہی دن ڈیڑھ کروڑ روپے بٹور کر دیگر فلموں کے لیے خطرے کی گھنٹی بجادی تھی۔

رومانٹک کامیڈی فلم نے عید کے دوسرے روز پہلے دن سے بھی زیادہ کمائی کرکے ابتدائی 2 دن میں ساڑھے 3 کروڑ روپے بٹور کر تمام فلموں کو پیچھے چھوڑ دیا۔

مزید پڑھیں: ’ماہرہ کو سردی میں محبت اور شہریار کا فالودے سے فولاد بننا‘

’سات دن محبت ان‘ کو پاکستان سمیت آسٹریلیا، نیوزی لینڈ، جرمنی، اسپین، بیلجیم، آسٹریا، امریکا، برطانیہ، مشرق وسطیٰ اور سنگاپور سمیت ڈنمارک میں بھی 15 جون سے ریلیز کیا گیا تھا۔

’سات دن محبت ان‘ نے بیرون ممالک سے بھی اچھی رقم بٹوری۔

دوسری جانب میگا کاسٹ پرمشتمل ایکشن تھرلر فلم ’وجود‘ نے ابتدائی 2 دن میں اندازوں سے کم کمائی کرکے تجزیہ نگاروں کے اندازوں کو غلط ثابت کردیا۔

خیال کیا جا رہا تھا کہ ندیم، جاوید شیخ اور شاہد جیسے اداکاروں کی کاسٹ پر مشتمل فلم ریلیز کے پہلے ہی دن ریکارڈ کمائی کرنے میں کامیاب ہوجائے گی، تاہم ایسا نہیں ہوسکا۔

یہ بھی پڑھیں: جاوید شیخ، ندیم اور شاہد پہلی بار ایک ساتھ ’وجود‘ میں

بدلے اور رومانس کے گرد گھومنے والی کہانی پر مبنی اس فلم کی ہدایات بھی جاوید شیخ نے دی ہیں، جب کہ اسے پاکستان کے علاوہ ترکی اور دبئی میں فلمایا گیا۔

اداکار دانش تیمور، فریحہ الطاف، اداکارہ سعیدہ امتیاز اور بھارتی اداکارہ ادیتی سنگھ کی اس فلم نے ریلیز کے پہلے دن محض 50 لاکھ روپے کمائے، جب کہ فلم دوسرے دن 70 لاکھ روپے کی کمائی تک محدود رہی۔

’وجود‘ نے ابتدائی 2 دن میں مجموعی طور پر ایک کروڑ 20 لاکھ روپے بٹورے۔

کمائی کے لحاظ سے دوسرے نمبر پر معمر رانا کی فلم ’آزادی‘ رہی، جس نے توقعات سے زیادہ کمائی کی۔

’آزادی‘ کی کہانی جموں و کشمیر کی آزادی کے گرد گھومتی ہے، جب کہ اس فلم کے ذریعے معمر رانا نے 2 سال کے بعد فلمی دنیا میں واپسی کی۔

مزید پڑھیں: معمر رانا کی ’آزادی‘ کے ساتھ 2 سال بعد اسکرین پر واپسی

فلم ساز عمران ملک کی اس فلم میں معمر رانا نے فریڈم فائیٹر کا کردار ادا کیا اور اس فلم نے ریلیز کے پہلے ہی دن ایک کروڑ 5 لاکھ روپے اور دوسرے دن ایک کروڑ 45 لاکھ روپے کمائے اور یوں فلم نے ابتدائی 2 دن میں مجموعی طور پر ڈھائی کروڑ روپے کماکر ’وجود‘ کو پیچھے چھوڑ دیا۔

کارٹون

کارٹون : 23 نومبر 2024
کارٹون : 22 نومبر 2024