خیبرپختونخوا: عید الفطر کے دوران حادثات میں 25 افراد جاں بحق
پشاور: پولیس اور ہسپتال حکام کے مطابق عید الفطر کے 3 روز میں صوبہ خیبرپختونخوا کے مختلف شہروں اور علاقوں میں پیش آنے والے حادثات میں 25 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوئے۔
لکی مروت میں ٹریفک حادثے اور آتشزدگی کے واقعات میں مجموعی طورپر خاتون سمیت 7 افراد جاں بحق ہو ئے۔
یہ بھی پڑھیں: خراب موسم میں حادثات نہ ہونے کی خبردیتے وقت ہی حادثہ
پولیس کے مطابق نورگن ٹاؤن میں رکشہ بے قابو ہو کر نہر میں جا گرا جس میں سوار خاتون اور بچہ جاں بحق جبکہ 3 افراد زخمی ہوگئے۔
لکی مروت میں مانجھی والا چوک کے پاس موٹر سائیکل درخت سے جا ٹکرائی جس کے نتیجے میں موٹر سائیکل سوار 2 افراد زندگی کی بازی ہار گئے۔
ملنگ اڈہ تاجوری روڈ پر بچکن احمدزئی کے مقام پر پک اپ ٹرک الٹ گیا جس میں سیر وتفریح کے لیے جانے والے افراد متعدد افراد زخمی جبکہ ایک شخص جاں بحق ہو گیا۔
ایک بچہ رکشے سے گر کے موقع پر ہی چل بسا۔
لکی مروت کے تاجازئی کے علاقے میں فضل کریم نامی شخص کو پرانی دشمنی کے باعث قتل کردیا گیا۔
چترال کے واشیش گاؤں میں ایک چیپ دریا میں جاگری جس کے نتیجے میں اس میں سوار 5 میں سے 2 افراد جاں بحق اور 3 زخمی ہو گئے۔
جاں بحق ہونے والوں کی شناخت سعید الرحمٰن اور وجیہہ الرحمٰن سے ہوئی۔
مزید پڑھیں: بہاولنگر اور گورکھ ہل میں ٹریفک حادثات، 5 افراد ہلاک
مانسہرہ میں کوٹکے کے علاقے میں موٹرسائیکل سوار محمد اسامہ اور مراد علی ویگن کی ٹکر سے جاں بحق ہوگئے۔
نوشہرہ میں خاتون نے خود کشی کی جبکہ دیگر حادثات میں 3 افراد جاں بحق ہوئے، ٹریفک حادثے میں تقریباً 71 افراد زخمی ہوئے، زخمی ہونے والوں کی زیادہ تر تعداد موٹرسائیکل پر سوار تھی۔
بنوں میں ٹریفک حادثے اور پرتشدد واقعات میں خاتون سمیت 5 افراد جاں بحق اور 11 زخمی ہو گئے۔
ادھر میران پولیس اسٹیشن کی حدود میں شوہر نے اہلیہ کو کسی اور شخص سے مبینہ طور پر ناجائز تعلقات استوار کرنے کے شک پر قتل کردیا۔
2 مخلتف واقعات میں ایک خاتون نے زہریلی چیز کھا کر خود کشی کرلی جبکہ ڈومیل کے علاقے میں ایک خانون کو اس کے گھر میں قتل کردیا گیا۔
ڈومیل میں ہی کار اور رکشے کے تصادم میں 11 افراد زخمی ہوئے جبکہ کرک میں مختلف حادثات اور واقعات میں 5 افراد جاں بحق اور 4 زخمی ہو ئے۔
مزید پڑھیں: سندھ: سپر ہائی پر ٹریفک حادثہ، 8 افراد ہلاک
مناخیل کے علاقے میں ٹریکٹر موٹر سائیکل پر چڑھ گیا، جس کے نتیجے میں کامران اور حسین جاں بحق ہوئے اور انڈس ہائی وے پر کار حادثے میں 4 افراد زخمی ہوگئے۔
شانگلا میں روڈ حادثے میں 11 افراد زخمی ہوئے۔
یہ خبر 19 جون 2018 کو ڈان اخبارمیں شائع ہوئی