پشاور:کالعدم ٹی ٹی پی کا مطلوب کمانڈر ایئرپورٹ سے گرفتار
پشاور کے باچاخان انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کو ملک سے باہر جانے کی کوشش کے دوران گرفتار کرلیا گیا۔
فیڈرل انوسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) ایئرپورٹ کے ڈایئریکٹر طارق پرویز کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے کئی مقدمات میں پولیس کو مطلوب مولوی بہادر جان کو نجی ایئرلائن کی پرواز سے دبئی جانے کی کوشش کےدوران حراست میں لیا گیا۔
حکام کے مطابق مطلوب دہشت گرد نے حلیہ تبدیل کررکھا تھا تاہم امیگریشن حکام کی جانب سے کاغذات کی جانچ پڑتال کے بعد گرفتار کیا گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) کی درخواست پر وزارت داخلہ نے مولوی بہادر جان کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) میں شامل کر لیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں:افغانستان: امریکی ڈرون حملے میں ملا فضل اللہ کی ہلاکت کی اطلاعات
زیرحراست مشتبہ طالبان کمانڈر مولوی بہادر جان کا تعلق خیبر پختونخوا (کے پی) کے ضلع بنوں سے ہے اور مبینہ طور پر دہشت گردی کے کئی واقعات میں ملوث ہے۔
خیال رہے کہ سی ٹی ڈی نے رواں ماہ کے آغاز میں کے پی کے علاقے بونیر سے کالعدم ٹی ٹی پی کے ایک اہم کمانڈر کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا تھا جو مبینہ طور پر سیکیورٹی فورسز پر حملوں اور دہشت گرد کارروائیوں کے لیے فنڈز مہیا کرنے میں ملوث تھا۔
سی ٹی ڈی حکام کے مطابق کراچی سے گرفتار ٹی ٹی پی کے دہشت گردی نے ابتدائی تفتیش کے دوران ہی دہشت گردی کے متعدد واقعات میں ملوث ہونے کا اعتراف کیا تھا۔
گزشتہ ہفتے افغانستان کے صوبے کنڑ میں امریکی ڈرون حملے میں ٹی ٹی پی کے سربراہ ملا فضل اللہ کو ہلاک کیا گیا تھا جس کی تصدیق افغان صدر اشرف غنی نے نگراں وزیراعظم جسٹس (ر) ناصرالملک اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کو فون کرکے کی تھی۔