افغان حکومت کا جنگ بندی میں مزید 10 روز توسیع کا اعلان
افغان صدر اشرف غنی کی صدارت میں ہونے والے قومی سلامتی کونسل کے اجلاس میں طالبان کے ساتھ جاری جنگ بندی میں مزید 10 روز کی توسیع کا اعلان کردیا گیا۔
افغان میڈیا خاما پریس کی رپورٹ کے مطابق صدارتی محل سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا کہ سلامتی کونسل کے منعقدہ اجلاس میں طالبان کے ساتھ جنگ بندی میں توسیع کے حوالے سے بات چیت کی گئی۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ ذرائع کا کہنا تھا کہ اجلاس کے دوران فیصلہ کیا گیا کہ طالبان سے جنگ بندی میں مزید 10 یوم کی توسیع کی جائے گی۔
مزید پڑھیں: افغان طالبان کا 17 سال میں پہلی بار جنگ بندی کا اعلان
اجلاس کے شرکاء نے طالبان جنگجوؤں کے عید کے تینوں روز شہریوں اور سیکیورٹی فورسز کے ساتھ منانے کے عمل کو سراہا۔
ادھر افغانستان کے صدر اشرف غنی نے افغان قوم اور بین الاقوامی برادری کو جنگ بندی کی حمایت کرنے پر زور دیا۔
انہوں نے کہا کہ 3 دن کی جنگ بندی اس بات کا ثبوت ہے کہ افغان قوم امن چاہتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: افغان طالبان کا عید پیغام،امریکا کو پھر براہ راست مذاکرات کی پیشکش
علاوہ ازیں اجلاس کے شرکاء نے کہا کہ ملک کے تمام صوبوں میں ضروری سیکیورٹی اقدامات کیے جائیں اور سیکیورٹی فورسز کو کسی بھی ممکنہ حملے کے خلاف تیار رہنے کی ہدایت کی جائے۔
خیال رہے کہ 7 جون 2018 کو افغان حکومت نے عید الفطر کے پیشِ نظر طالبان کے ساتھ عارضی جنگ بندی کا اعلان کیا تھا۔
بعد ازاں 9 جون 2018 کو افغانستان میں حکومت کی جانب سے جنگ بندی کے اعلان کے بعد طالبان نے بھی 17 سال میں پہلی مرتبہ عیدالفطر کے پیش نظر 3 روزہ عارضی جنگ بندی کرنے کا اعلان کیا تھا۔
مزید پڑھیں: افغانستان: خود کش دھماکے میں 18 افراد جاں بحق
13 جون 2018 کو طالبان کے امیر ملا ہیبت اللہ اخوندزادہ نے اپنے عید پیغام میں ایک مرتبہ پھر امریکا کو براہ راست مذاکرات کی پیشکش کرتے ہوئے کہا تھا کہ اگر امریکی حکام پرامن حل پر یقین رکھتے ہیں تو انہیں مذاکرات کے ذریعے کشیدگی ختم کرنا ہوگی۔
15 جون 2018 کو افغان صدر اشرف غنی نے عیدالفطر کے موقع پر قوم سے خطاب میں ایک مرتبہ پھر طالبان سے 3 روز کی جنگ بندی کے عزم کو دہرایا تھا۔
بعد ازاں عیدالفطر کے پہلے روز، 16 جون کو جنگ زدہ افغانستان میں سیز فائر کی خوشی منانے والے افغان طالبان، سیکیورٹی فورسز اور شہریوں کے ہجوم میں خودکش بمبار نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا تھا، جس کے نتیجے میں 26 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔
یہ بھی پڑھیں: افغانستان: سیز فائر کے دوران خودکش حملہ، 26 افراد ہلاک
عید الفطر کے دوسرے روز طالبان نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ وہ افغان سیکیورٹی فورسز کے ساتھ ہونے والی 3 روزہ جنگ بندی کی توسیع نہیں کریں گے اور لڑائی دوبارہ شروع ہوگی۔
طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ کی جانب سے جنگ بندی کے خاتمے کا بیان افغان حکومت کی جانب سے جنگ بندی میں توسیع کے اعلان کے بعد سامنے آیا تھا۔
اس سے قبل اشرف غنی نے ٹیلی وژن پر قوم سے غیر معمولی خطاب میں یہ اعلان کیا تھا کہ انہوں نے طالبان سے بھی جنگ بندی کی مدت میں توسیع کی درخواست کی ہے۔