اٹک میں ایک ہی خاندان کے 5 افراد تیز دھار آلے سے قتل
پنجاب کے ضلع اٹک کی تحصیل حضرو میں ایک ہی خاندان کے 5 افراد کو تیز دھار آلے کے وار سے قتل کردیا گیا۔
قتل کا لرزہ خیز واقعہ تحصیل حضرو کے گاؤں جتیال میں پیش آیا۔
پولیس کے مطابق گاؤں کے ایک گھر میں 5 لاشیں موجود تھیں جنہیں نامعلوم افراد نے قتل کیا، جبکہ مقتولین کو ہاتھ پاؤں باندھ کر تیز دھار آلے سے قتل کیا گیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ جس بے رحمی سے بچوں کو قتل کیا گیا اس سے واقعہ کسی پرانی دشمنی کا شاخسانہ لگتا ہے اور نامعلوم قاتل شاید کسی بات کا بدلہ لینا چاہتا تھا، تاہم ابھی حتمی طور پر کچھ کہنا قبل از وقت ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں: 8 سالہ بچی کو ’ریپ‘ کے بعد زندہ جلادیا گیا
مقتولین میں گھر کے سربراہ وسیم کی 2 بیگمات علشبہ اور نائلہ، جبکہ 3 بچے حسن، کاشان اور عثمان شامل ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ وسیم کو بھی قتل کرنے کی کوشش کی گئی، تاہم وہ ہسپتال میں زیر علاج ہے اور اس کی جان بچ گئی ہے۔
مقتول خاندان کا تعلق کراچی سے تھا جو حضرو میں رہائش پذیر تھا۔
لاشیں پوسٹ مارٹم کے لیے ہسپتال منتقل کردی گئیں اور واقعے کی تحقیقات کا آغاز کردیا گیا۔