• KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:42pm
  • LHR: Asr 3:23pm Maghrib 5:00pm
  • ISB: Asr 3:23pm Maghrib 5:00pm
  • KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:42pm
  • LHR: Asr 3:23pm Maghrib 5:00pm
  • ISB: Asr 3:23pm Maghrib 5:00pm

چاروں صوبوں کے آئی جیز اور چیف سیکریٹریز تبدیل

شائع June 13, 2018 اپ ڈیٹ June 14, 2018

نگراں حکومت نے ملک بھر میں شفاف اور غیرجانبدار انتخابات کے انعقاد کو یقینی بنانے کے لیے چاروں صوبوں کے آئی جی پولیس اور چیف سیکریٹریز کا تبادلہ کردیا۔

وزیراعظم ہائوس اسلام آباد میں نگراں وزیراعظم جسٹس (ر) ناصرالملک کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں اہم انتظامی فیصلے کیے گئے۔

وفاقی کابینہ نے الیکشن کمیشن آف پاکستان اور متعلقہ حکومتوں سے مشاورت کے بعد ملک میں شفاف اور غیرجانبدار انتخابات کو یقینی بنانے کے لیے آئی جیز اور چیف سیکریٹریز کے تبادلوں کی منظوری دے دی۔

وفاقی حکومت کی جانب سے جاری کردہ نوٹی فکیشن کے مطابق اکبرحسین درانی کو چیف سیکریٹری پنجاب، اعظم سلیمان خان کو سندھ، نوید کامران بلوچ کو خیبرپختونخوا (کے پی) اور اختر نذیر کو بلوچستان کا چیف سیکریٹری تعینات کردیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں:انتخابات 2018: صوبوں کے چیف سیکریٹریز اور پولیس سربراہان کی تبدیلی متوقع

تمام صوبوں کے آئی جی پولیس کے بھی تبادلے کردیے گئے، نئی تعیناتیوں کے مطابق ڈاکٹر کلیم امام کو پنجاب، امجد جاوید سلیمی کو سندھ، محمد طاہر کو کے پی کے اور محسن حسن بٹ کو بلوچستان کا نیا آئی جی تعینات کردیا گیا ہے۔

وفاقی حکومت نے سابق آئی جیز اور چیف سیکریٹریز کو تبادلے کا نوٹی فکیشن جاری کرتے ہوئے کابینہ ڈویژن میں رپورٹ کرنے کی ہدایت کی ہے۔

نئے آئی جیز کا تعارف

نئے آئی جی سندھ امجد جاوید سلیمی نے یکم نومبر 1986 کو سول سروس جوائن کی اور ان کا تعلق پولیس سروس کے 14 ویں کامن سے ہے۔

امجد جاوید سلیمی کا ڈومیسائل پنجاب کے شہر فیصل آباد سے ہے۔

نئے آئی جی سندھ 31 جنوری 2020 کو ریٹائر ہوں گے۔

نئے آئی جی پنجاب کلیم امام نے یکم نومبر 1988 کو سول سروس جوائن کی اور ان کا تعلق پولیس سروس کے 16 ویں کامن سے ہے اور ان کا ڈومیسائل سندھ اربن سے ہے۔

نئے آئی جی پنجاب کلیم امام 24 اپریل 2022 کو ریٹائر ہوں گے۔

نئے آئی جی کے پی محمد طاہر نے یکم نومبر 1988 کو سول سروس جوائن کی اور ان کا تعلق پولیس سروس کے 16 ویں کامن سے ہے۔

آئی جی کے پی محمد طاہر 21 نومبر 2020 کو سروس سے ریٹائر ہوں گے۔

نئے آئی جی بلوچستان محمد حسن بٹ نے 18 نومبر 1989 کو سول سروس جوائن کی۔

محمد حسن بٹ کا تعلق پولیس سروس کے 17 ویں کامن اور ڈومیسائل راولپنڈی کا ہے۔

نئے چیف سیکریٹریز کا تعارف

نئے چیف سیکرٹری سندھ میجر ریٹائرڈ اعظم سلیمان خان نے 3 اگست 1991 کو سول سروس جوائن کی۔

لاہور سے تعلق رکھنے والے گریڈ 22 کے اعظم سلیمان کا تعلق پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس سے ہے

اعظم سلیمان خان 22 مارچ 2021 کو سول سروس سے ریٹائر ہوں گے۔

نئے چیف سیکرٹری پنجاب اکبر حسین درانی نے یکم نومبر 1988 کو سول سروس جوائن کی۔

کیپٹن ریٹائرڈ اکبر حسین درانی کا تعلق 16 ویں کامن اور ڈومیسائل کوئٹہ کا ہے۔

نئے چیف سیکرٹری پنجاب 26 اکتوبر 2021 کو ریٹائر ہوں گے۔

نئے چیف سیکرٹری کے پی نوید کامران بلوچ نے 22 اکتوبر 1985 کو سول سروس جوائن کی اور ان کا تعلق 13 وی کامن سے ہے۔

نوید کامران بلوچ کا ڈومیسائل نواب شاہ کا ہے اور وہ 7 مارچ 2021 کو ریٹائر ہوں گے۔

نئے چیف سیکرٹری بلوچستان ڈاکٹر اخترنذیر نے یکم دسمبر 1990 کو سول سروس جوائن کی۔

نئے چیف سیکرٹری بلوچستان کا تعلق 18 ویں کامن اور ڈومیسائل سرگودھا کا ہے۔

ڈاکٹر اختر نذیر 14 جنوری 2022 کو سول سروس سے ریٹائر ہوں گے۔

کارٹون

کارٹون : 25 نومبر 2024
کارٹون : 24 نومبر 2024