تحریک انصاف کا لوڈ شیڈنگ کے خلاف ملک گیر احتجاج کا اعلان
اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے ملک میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ میں حالیہ اضافے کے خلاف احتجاج کا اعلان کردیا۔
عمران خان کی جانب سے جاری کردہ بیان میں نگراں وزیر اعظم جسٹس (ر) ناصرالملک سے درخواست کی گئی کہ وہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت کی جانب سے چھوڑے گئے گردشی قرضہ جات اور بجلی بحران کی صورتحال سے قوم کو آگاہ کریں۔
اس حوالے سے پی ٹی آئی کے ترجمان فواد چوہدری نے بتایا کہ عمران خان بذات خود احتجاجی مظاہروں میں شرکت نہیں کرسکیں گے کیوں کہ وہ عمرے کی ادائیگی کے لیے سعودی عرب روانہ ہورہے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ مظاہرے یونین کونسل کی سطح پر کیے جائیں گے جن کی سربراہی پی ٹی آئی کے سابق اراکین اسمبلی کریں گے۔
یہ بھی پڑھیں: تحریک انصاف نے انتخابی امیدواروں کا اعلان کردیا
واضح رہے کہ حال ہی میں اپنی مدت پوری کرنے والی مسلم لیگ (ن) حکومت کی جانب سے دعویٰ کیا جاتا رہا کہ انہوں نے بجلی کے بحران پر قابو پالیا اور ملک میں لوڈ شیڈنگ تقریباً ختم ہوگئی۔
دوسری جانب سابق وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری کی جانب سے خدشہ ظاہر کیا گیا تھا کہ نگراں حکومت کے دور میں لوڈ شیڈنگ میں اضافہ ہوسکتا ہے۔
خیال رہے کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت کی 5 سالہ مدت گزشتہ ماہ 31 مئی کو اختتام کو پہنچی تھی جس کے بعد انتخابات کے انعقاد کے پیش نظر تمام تر اختیارات نگراں حکومت کو منتقل کردیئے گئے۔
مزید پڑھیں: پی ٹی آئی نے انتخابی ٹکٹ پر اختلافات دور کرنے کیلئے کمیٹی تشکیل دے دی
اس ضمن میں جاری کردہ بیان میں عمران خان نے ماہ رمضان میں ملک بھر میں لوڈ شیڈنگ کے اضافے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے سابقہ حکومت کو تنفید کا نشانہ بنایا، ان کا کہنا تھا کہ سابق وزیراعظم نواز شریف اور ان کی حکومت نے لوڈ شیڈنگ کم کرنے کے بجائے 5 سال تک قوم کو صرف دھوکہ دیا۔
اپنے بیان میں پی ٹی آئی کے چیئرمین نے نگراں وزیراعظم پر زور دیا کہ وہ عوام کو سہولت فراہم کرنے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کریں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ نگراں وزیر اعظم کو چاہیے کہ وہ بجلی کی پیداوار، طلب کی موجودہ صورتحال اور گردشی قرضوں کی تفصیلات سے قوم کو آگاہ کریں۔
یہ بھی پڑھیں: تحریک انصاف 2013 کے عام انتخابات میں تیار نہیں تھی، عمران خان
ان کا کہنا تھا کہ قوم کو مسلم لیگ (ن) کے جھوٹے دعووں کے بارے میں معلوم ہونا چاہیے جو ان تمام مسائل کی ذمہ دار ہے۔
اس ضمن میں عمران خان نے بجلی پیدا کرنے کے مہنگے طریقوں سے سستی بجلی کے منصوبوں پر منتقل کرنے کی ضرورت پر زور دیا تاکہ پاکستان بجلی کی پیداوار میں خود کفیل ہوسکے، اس کے ساتھ انہوں نے نگراں حکومت سے مطالبہ کیا کہ عوام کو طلب کے مطابق بجلی کی فراہمی یقینی بنائیں۔
یہ خبر 11 جون 2018 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی











لائیو ٹی وی
تبصرے (1) بند ہیں