’اپنا کھانا خود گرم کرلو‘
رواں برس سوشل میڈیا پر اگر کوئی نعرہ بہت زیادہ مقبول ہوا تھا تو وہ تھا ’اپنا کھانا خود گرم کرلو‘ اور اب اس دلچسپ نعرے پر ٹیلی فلم بھی بننے جارہی ہے۔
8 مارچ 2018 کو عورت مارچ سے مقبول ہونے والا یہ نعرہ اب ٹیلی فلم کی شکل اختیار کرچکا ہے، یہ فلم عید الفطر پر ریلیز ہونے جارہی ہے۔

’اپنا کھانا خود گرم کرلو‘ نامی اس ٹیلی فلم میں نادیہ خان، ایمن خان، افان وحید اور سلیم میراج کئی دیگر اداکاروں کے ساتھ کام کرتے نظر آئیں گے۔
اس ٹیلی فلم کی پروڈکشن اور ڈائیریکشن کاشف سلیم کررہے ہیں، جبکہ اسے فائزہ افتخار نے تحریر کیا ہے۔
اس ٹیلی فلم کے بارے میں نادیہ خان نے ڈان کو بتایا کہ ’یہ نئے شادی شدہ جوڑے (افان اور ایمن) اور ان کے پاگل پڑوسیوں کی کہانی ہے، ان کے پڑوسیوں کا کردار میں ادا کررہی ہوں، نئے شادی شدہ جوڑے میں افان اپنی بیوی پر حاوی ہوگا، جبکہ ہمارے گھر میں، میں اپنے میاں پر حاوی ہوں گی، اس لیے میں ایمن کو اپنے جیسا بنانے کی کوشش کروں گی، میرا فلم میں منفی کردار ہے، میں ان کا گھر توڑنے کی کوشش کروں گی، لیکن میرا کردار منفی ہونے کے ساتھ مزاحیہ بھی ہوگا‘۔
ڈان سے بات کرتے ہوئے کاشف سلیم کا کہنا تھا کہ ’عورت مارچ سے مقبول ہوا ہہ پوسٹر خواتین کو ان کے حقوق کی یاد دہانی کراتا ہے، یہ ایک سنجیدہ موضوع ہے، کیوں کہ مردوں اور خواتین کو برابر کے حقوق ملنے چاہیے، لیکن ہم اپنی ٹیلی فلم میں اس موضوع کو ایسے پیش کررہے ہیں کہ شائقین کو عید پر یہ فلم دیکھنے میں مزاح آئے‘۔
ٹیلی فلم کی مرکزی اداکارہ ایمن نے بتایا کہ ’ٹیلی فلم کا نام تو سنجیدہ ہے لیکن یہ کوئی فیمنسٹک فلم نہیں، یہ مزاحیہ ہے اور ساتھ ساتھ اس میں ایک پیغام بھی دیا جائے گا، اس ہی لیے میں نے اس کامیڈی فلم میں کام کرنے کی حامی دی، میں درخواست کروں گی کہ سب یہ فلم ضرور دیکھیں‘۔
فلم ’اپنا کھانا خود گرم کرلو‘ رواں سال عید الفطر پر اے آر وائے ڈیجیٹل پر نشر کی جائے گی۔