• KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm
  • KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm

پارٹی قائدین کا ایک سے زائد حلقوں سے انتخابی معرکے میں حصہ لینے کا فیصلہ

شائع June 8, 2018

اسلام آباد: پاکستانی کی 3 بڑی سیاسی جماعتوں کے سربراہان الیکشن 2018 میں قومی اسمبلی کی نشست کے لیے متعدد حلقوں سے انتخابات میں حصہ لیں گے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان 3 صوبوں پنجاب، سندھ اور خیبرپختونخوا سے قومی اسمبلی کی نشست کے لیے میدان میں اتریں گے۔

ادھر پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے ایک اعلیٰ حکومتی اہلکار، جو ٹکٹ تقسیم کرنے والے پارلیمانی بورڈ میں شامل تھے، نے بتایا کہ پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زردای سندھ میں لاڑکانہ اور کراچی جبکہ خیبر پختونخوا میں مالاکنڈ سے قومی اسمبلی کی نشست کے لیے امیدوار ہوں گے۔

یہ بھی پڑھیں: عمران خان کا کراچی کے حلقہ این اے 243 سے الیکشن لڑنے کا اعلان

ان کا کہنا تھا کہ سابق صدر آصف علی زرداری کا بھی نواب شاہ سے قومی اسمبلی کی نشست کے لیے حصہ لینے کا ارادہ تھا تاہم انہوں نے ابھی تک کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا۔

اس حوالے سے جب پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائم مقام جنرل سیکریٹری احسن اقبال سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے بتایا کہ مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کو بھی پارٹی کے رہنماؤں نے ایک سے زائد نشستوں سے انتخابات میں حصہ لینے کی تجویز دی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ شہباز شریف لاہور سے قومی اسمبلی کی نشست کے علاوہ ڈیرہ غازی خان سے حلقہ این اے 192 سے کاغذات جمع کرانے کا ارادہ رکھتے ہیں۔

مزید پڑھیں: بلاول بھٹو زرداری کے این اے 246 سے کاغذاتِ نامزدگی جمع

پی ٹی آئی کے سیکریٹری اطلاعات فواد چوہدری کے مطابق عمران خان کا کراچی، لاہور، میانوالی، راولپنڈی اور بنوں سے قومی اسمبلی کی نشست کے لیے کھڑے ہونے کا ارادہ ہے۔

واضح رہے 2013 کے انتخابات میں عمران خان میانوالی کے حلقہ این اے 71، لاہور کے حلقہ این اے 122، راولپنڈی کے حلقہ این اے 56 اور پشاور کے حلقہ این اے 1 سے کھڑے ہوئے تھے، جہاں انہیں لاہور کی نشست پر اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کے مقابلے میں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا، تاہم وہ بقیہ 3 نشستیں جیتنے میں کامیاب رہے تھے۔

بعد ازاں عمران خان نے راولپنڈی کی نشست برقرار رکھی جبکہ پشاور کی نشست پر ضمنی انتخابات میں عوامی نیشنل پارٹی کے رہنما غلام احمد بلور کامیاب ہوگئے تھے۔

یہ بھی پڑھیں: مریم نواز نے این اے 125 اور127 سے کاغذات نامزدگی حاصل کرلیے

دوسری جانب عمران خان نے کراچی شرقی کے حلقہ این اے 243 سے بھی کاغذات نامزدگی حاصل کیے ہیں، حال ہی میں دیئے گئے بیان میں عمران خان کا کہنا تھا کہ کراچی کو بہتر کیے بغیر ملک ترقی نہیں کرسکتا۔

اس کے علاوہ بنوں جو جمیت علمائے اسلام (ف) کا گڑھ سمجھا جاتا ہے، عمران خان کا وہاں سے انتخابات میں حصہ لینا دلچسپ صورتحال کا باعث ہوسکتا ہے۔

متحدہ مجلس عمل کے پلیٹ فارم سے انتخابات میں حصہ لینے والی سیاسی جماعت جے یو آئی (ف) نے امیدواروں کو حتمی شکل نہیں دی، تاہم غالب گمان یہی ہے کہ عمران خان کے مقابلے میں مولانا فضل الرحمان یا سابق وزیراعلیٰ اکرم درانی انتخاب لڑیں گے۔

مزید پڑھیں: کاغذات نامزدگی جمع کرانے کی مدت میں 3 روز کی توسیع

اس حوالے سے فواد چوہدری کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان نے آخری لمحات میں راولپنڈی سے انتخابات میں حصہ لینے کا فیصلہ کیا تاہم گزشتہ حلقے این اے 54 کے بجائے اس مرتبہ وہ این اے 61 سے میدان میں اتریں گے۔

فواد چوہدری کا مزید کہنا تھا کہ پارٹی نے امیدواروں کی حتمی فہرست تیار کرلی ہے جو کسی بھی وقت پارٹی کی ویب سائٹ پر شائع کردی جائے گی، ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ امیدواروں کے چناؤ میں اتنا وقت اس لیے صرف ہوا کہ ہم بہت دیکھ بھال کر امیدواروں کی جانچ پڑتال کررہے تھے۔

اس کے علاوہ پی ٹی آئی کے نائب چیئرمین شاہ محمود قریشی این اے 221، لیاقت جتوئی این اے 234، کریم علی جتوئی این اے 235 اور ڈاکٹر عارف علوی این اے 247 سے قومی اسمبلی کی نشست کے امیدوار ہوں گے۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024