• KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:42pm
  • LHR: Asr 3:23pm Maghrib 5:00pm
  • ISB: Asr 3:23pm Maghrib 5:00pm
  • KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:42pm
  • LHR: Asr 3:23pm Maghrib 5:00pm
  • ISB: Asr 3:23pm Maghrib 5:00pm

مائیک پومپیو کا آرمی چیف کو ٹیلی فون، افغانستان میں سیاسی مفاہمت پر تبادلہ خیال

شائع June 7, 2018 اپ ڈیٹ June 8, 2018

امریکی سیکریٹری خارجہ مائیک پومپیو نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ٹیلی فونک گفتگو میں افغانستان میں سیاسی مفاہمتی عمل اور دیگر معاملات پر تبادلہ خیال کیا۔

امریکی خبر رساں ایجنسی ’اے پی‘ کے مطابق امریکی محکمہ خارجہ کی خاتون ترجمان ہیدر نورٹ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ مائیک پومپیو اور جنرل قمر جاوید باجوہ کے درمیان پاک ۔ امریکا تعلقات کو فروغ دینے، افغانستان میں سیاسی مفاہمت کی ضرورت اور جنوبی ایشیا میں دہشت گردوں کو بلاامتیاز ہدف بنانے کے معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

واضح رہے کہ پاکستان نے 2015 میں کابل حکومت اور طالبان کے درمیان پہلی براہ راست مذاکرات کی میزبانی کی تھی، تاہم یہ مذاکرات افغانستان کی طرف سے طالبان کے سربراہ ملا محمد عمر کی ہلاکت کے اعلان کے بعد منقطع ہوگئے تھے۔

مزید پڑھیں: افغانستان میں امن صرف سیاسی حل کے ذریعے ہی ممکن ہے: امریکا

واشنگٹن نے کئی بار افغانستان میں امن کی بات کی جبکہ پاکستان نے اپنے پڑوسی ملک میں استحکام کے قیام کے لیے مدد کی یقین دہانی کرائی۔

رواں سال کے اوائل میں امریکا نے پاکستان کو یقین دہانی کرائی تھی کہ وہ خطے میں اپنے اہم اتحادی کے ساتھ تعلقات کو ختم نہیں کرنا چاہتا، جبکہ اسلام آباد نے امریکا کی حمایت سے افغان حکومت کی طالبان کو دوبارہ مذاکرات کی پیشکش کی ’مکمل حمایت‘ کی تھی۔

ان بیانات سے امریکا اور پاکستان کے درمیان تعلقات میں بہتری کے لیے کی جانے والی کوششوں کو تقویت ملتی ہے، جو کبھی دہشت گردی کی خلاف جنگ میں قریبی اتحادی تھے۔

بل گیٹس کی پولیو کے خاتمے کیلئے اقدامات پر پاک فوج کی تعریف

دوسری جانب بل اینڈ میلنڈا گیٹس فاؤنڈیشن کے شریک چیئرمین اور مائیکرو سافٹ کمپنی کے چیئرمین بل گیٹس نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کو ٹیلی فون کرکے پولیو کے خاتمے کے لیے اٹھائے جانے والے اقدامات پر پاک فوج کی تعریف کی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف نے بھی پولیو کے خاتمے کے نیک کام کے لیے بل گیٹس کےاقدمات کی تعریف کی۔

جنرل قمر جاوید باجوہ نے بل گیٹس کو پاکستان کے مفاد میں پولیو کے خاتمے کے لیے ہر ممکن تعاون جاری رکھنے کی یقین دہانی کرائی۔

یاد رہے کہ رواں سال کے اوائل میں بل اینڈ میلنڈا گیٹس فاؤنڈیشن نے پاکستان کی مالی امداد میں اضافے کا اعلان کیا تھا۔

قومی صحت سروسز کی وزیر کو اپنے خط میں بل گیٹس نے پولیو کے خاتمے کے لیے حکومت پاکستان کے عزم کی تعریف کی تھی۔

کارٹون

کارٹون : 26 نومبر 2024
کارٹون : 25 نومبر 2024