• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

افغان حکومت کی طالبان کو جنگ بندی معاہدے کی پیشکش

شائع June 7, 2018

کابل: افغان حکومت نے عید الفطر کے پیشِ نظر طالبان کے ساتھ عارضی جنگ بندی کا اعلان کردیا۔

افغان صدر اشرف غنی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک پیغام میں کہا ہے کہ ’طالبان کے ساتھ جنگ بندی 27ویں روزے سے لے کر عید الفطر کے 5ویں روز تک رہے گی‘۔

فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق اب تک طالبان کی جانب سے افغان صدر کی جنگ بندی کی پیشکش کا جواب نہیں دیا گیا۔

طالبان ترجمان نے اے ایف پی کو بتایا کہ طالبان کی اعلیٰ قیادت افغان حکومت کی جانب سے عارضی جنگ بندی کے اعلان کا جائزہ لے رہی ہے۔

مزید پڑھیں: کابل: افغان علماء کے اجتماع پر خودکش حملہ، 7 جاں بحق

خیال رہے کہ افغان حکومت کی جانب سے یہ پیش رفت دارالحکومت کابل میں خود کش حملوں اور ملک میں جاری دہشت گردی کے خلاف فتویٰ دینے کے لیے جمع ہوئے علمائے کرام پر خودکش حملے کے بعد سامنے آئی ہے۔

افغان صدر کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ افغان حکومت نہ صرف علماء کرام کے دہشت گردی کے خلاف فتوے کی متفقہ طور پر حمایت کرتی ہے بلکہ سیز فائر کی تجاویز کی بھی حمایت کرتی ہے۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ حکومت نے سیکیورٹی اداروں کو طالبان پر حملہ کرنے سے روکنے کے احکامات جاری کردیے ہیں، جبکہ داعش القاعدہ اور دیگر عالمی دہشت گرد گروہوں کے خلاف کارروائی جاری رہے گی۔

یاد رہے کہ رواں ماہ فروری میں افغان صدر اشرف غنی نے ملک میں امن کو بحال کرنے کے لیے امن مذاکرات کا منصوبہ بنایا تھا جس میں طالبان کو بالآکر ایک سیاسی جماعت تسلیم کرنا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: اشرف غنی نے افغان علماء کے فتوے کی حمایت، طالبان نے مخالفت کردی

خیال رہے کہ اس سے بہتر پیشکش افغان حکومت کی جانب سے پہلے کبھی نہیں دی گئی تھی تاہم طالبان نے اس پیشکش کو رد کرتے ہوئے موسم سرما کے بعد افغانستان اور اتحادی افواج کے خلاف عسکری کارروائی کا آغاز کردیا تھا۔

خیال رہے کہ 4 جون کو افغان علماء نے افغانستان میں جاری شورش کے حوالے سے فتویٰ دیتے ہوئے اس لڑائی کو غیر اسلامی اور شریعت کے منافی قرار دیا۔

علماء کے فتوے میں کہا گیا کہ افغانستان میں کسی بھی طرح کی جنگ غیر اسلامی عمل ہے اور یہ مسلمانوں کے قتلِ عام کے سوا کچھ نہیں ہے۔

افغانستان کے علماء کے اس فتوے کی افغان صدر اشرف غنی نے حمایت کی جبکہ طلبان کی جانب سے اس فتوے کو مسترد کردیا گیا۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024