• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

آرمی چیف کی نگراں وزیر اعظم سے ملاقات

شائع June 6, 2018
آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ، نگراں وزیراعظم جسٹس (ر) ناصر الملک سے ملاقات کے دوران مصافحہ کررہے ہیں — فوٹو: وزیراعظم ہاؤس
آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ، نگراں وزیراعظم جسٹس (ر) ناصر الملک سے ملاقات کے دوران مصافحہ کررہے ہیں — فوٹو: وزیراعظم ہاؤس

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے نگراں وزیراعظم جسٹس (ر) ناصر الملک سے ان کے دفتر میں ملاقات کی اور اہم ملکی معاملات پر تبادلہ خیال کیا۔

وزیراعظم ہاؤس سے جاری بیان میں کہا گیا کہ ملاقات کے دوران جنرل باجوہ نے جسٹس (ر) ناصر الملک کو نگراں وزیراعظم کا عہدہ سنبھالنے کی مبارکباد پیش کی۔

بیان میں کہا گیا کہ ملاقات کے دوران ’آرمی چیف اور وزیراعظم نے پاک فوج کے حوالے سے اہم امور پر تبادلہ خیال کیا‘۔

مزید پڑھیں: جسٹس (ر) ناصر الملک نے نگراں وزیر اعظم کے عہدے کا حلف اٹھا لیا

خیال رہے کہ یکم جون 2018 کو سابق چیف جسٹس (ر) ناصر الملک نے پاکستان کے 7ویں نگراں وزیر اعظم کے عہدے کا حلف اٹھایا تھا۔

ایوان صدر میں ہونے والی تقریب حلف برداری میں صدر مملکت ممنون حسین، سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی، چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ، دیگر مسلح افواج کے افسران، چیئرمین سینیٹ، وفاقی کابینہ کے ارکان، چاروں صوبوں کے گورنر اور دیگر اہم شخصیات نے شرکت کی تھی۔

جسٹس (ر) ناصر الملک کون ہیں؟

جسٹس (ر) ناصر الملک 17 اگست 1950 کو صوبہ خیبرپختونخوا کے ضلع سوات میں پیدا ہوئے اور انہوں نے 1972 میں پشاور یونیورسٹی سے ایل ایل بی مکمل کیا۔

1976 میں انہوں نے لندن سے ایل ایل ایم کی ڈگری حاصل کی اور 17 سال تک پشاور ہائی کورٹ میں پریکٹس لائر رہے۔

جسٹس (ر) ناصر الملک نے اپنے عدالتی کیریئر کا آغاز 1994 میں کیا اور 6 جون کو وہ پشاور ہائی کورٹ کے جج مقرر ہوئے اور 2004 تک اسی منصب پر رہے۔

یہ بھی پڑھیں: انتخابات 2018: جسٹس (ر) ناصر الملک نگراں وزیرِاعظم نامزد

بعد ازاں صوبائی حکومت کی منظوری کے بعد 31 جولائی 2004 کو جسٹس (ر) ناصر الملک پشاور ہائی کورٹ کے چیف جسٹس مقرر ہوئے جبکہ 2005 میں انہیں سپریم کورٹ آف پاکستان منتقل کردیا گیا۔

اس کے علاوہ 30 نومبر 2013 سے 6 جولائی 2014 تک انہوں نے قائم مقام چیف الیکشن کمشنر پاکستان کے فرائض بھی سرانجام دیئے۔

6 جولائی 2014 کو جسٹس (ر) ناصر الملک نے پاکستان کے 22 ویں چیف جسٹس کے عہدے کا حلف اٹھا اور 16 اگست 2015 تک اپنے منصب پر فائز رہے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024