گلوگارہ ریانا اور سعودی ارب پتی شخص کے تعلقات ختم
بارباڈوس کی معروف گلوکارہ 30 سالہ ریانا اور ارب پتی سعودی عرب کے کاروباری شخص حسن جمیل کے رومانوی تعلقات ختم ہوگئے۔
خیال رہے کہ گلوکارہ ریانا اور سعودی عرب کے ارب پتی کاروباری نوجوان حسن جمیل کے درمیان گزشتہ ڈیڑھ سال سے تعلقات قائم تھے۔
گلوکارہ اور ارب پتی سعودی نوجوان کے درمیان اس وقت تعلقات مضبوط ہوئے، جب ریانا نے سابقہ دوست اداکار کرس براؤن سے تعلقات ختم کیے تھے۔
گلوکارہ ریانا اور سعودی عرب کے ارب پتی نوجوان کو گزشتہ ڈیڑھ سال کے درمیان متعدد بار ایک ساتھ دیکھا گیا، تاہم دونوں نے کبھی بھی کھل کر ایک دوسرے سے متعلق وضاحت نہیں کی۔
ماضی میں گلوکارہ ریانا سعودی نوجوان حسن جمیل کی شخصیت سے متعلق یہ اقرار کر چکی ہیں کہ وہ ماضی میں ان کے رہنے والے تمام مرد دوستوں سے بہتر اور سنجیدہ ہیں۔
تاہم اب اطلاعات ہیں کہ ان کے درمیان تعلقات ختم ہوگئے۔
امریکی نشریاتی ادارے ’میڈیا ٹاک آؤٹ‘ (ایم ٹی او) نے اپنے ذرائع سے خبر دی کہ اب ریانا اور حسن جمیل کے درمیان تعلقات نہیں رہے۔
نشریاتی ادارے نے دونوں کے درمیان تعلقات ختم ہونے کا کوئی واضح سبب نہیں بتایا، تاہم اس بات کی تصدیق کی گئی کہ دونوں نے رضامندی کے ساتھ تعلقات ختم کیے۔
خیال رہے کہ ارب پتی نوجوان حسن جمیل کے گلوکارہ ریانا سے قبل برطانوی سپر ماڈل ناؤمی کامپبیل سے تعلقات کی چہ مگوئیاں کی جاتی رہیں۔
حسن جمیل اور ناؤمی کامپبیل کے درمیان بھی کافی وقت تک قربتیں قائم رہیں، ان دونوں کے درمیان اس وقت تعلقات ٹوٹے جب مبینہ طور پر گلوکارہ ریانا نے ارب پتی سعودی نوجوان سے تعلقات بڑھائے۔
حسن جمیل کے حوالے سے کہا جاتا ہے کہ ان کے خاندان کے اثاثوں کی ملکیت ڈیڑھ ارب امریکی ڈالر سے زائد ہے، جب کہ انہوں نے مشرق وسطیٰ میں متعدد فلاحی منصوبے بھی شروع کر رکھے ہیں۔
حسن جمیل کی جانب سے مشرق وسطیٰ میں فٹ بال لیگ بھی منعقد کرائی جاتی ہے، جس میں شامل تمام 14 ٹیمیں ان کی ملکیت ہیں۔