ورکنگ باؤنڈری پر بھارتی گولہ باری سے بچی، خاتون جاں بحق
سیالکوٹ میں ورکنگ باؤنڈری پر بھارتی سیکیورٹی فورسز کی بلا اشتعال فائرنگ اور گولہ باری کے نتیجے میں ایک بچی اور خاتون جاں بحق جبکہ 25 افراد زخمی ہوگئے۔
مقامی انتظامیہ کے مطابق گزشتہ روز صبح شروع ہونے والی فائرنگ کا سلسلہ سارا دن جاری رہا اور زخمی ہونے والوں میں 4 بچے اور 8 خواتین بھی شامل ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: ایل او سی: بھارتی فورسز کی بلا اشتعال گولہ باری، ایک لڑکا جاں بحق
اس حوالے سے بتایا گیا کہ کچی منڈ گاؤں میں بھارتی گولہ باری کا نشانہ بننے والے رحمت علی کی 60 سالہ اہلیہ فضلنہ جاں بحق ہوئیں۔
5 سالہ بچی نرگس فاطمہ بھی منڈ گاؤں میں بھارتی فائرنگ سے زخمی ہوئی جسے فوری طور پر سیالکوٹ سی ایم ایچ میں لے جایا گیا لیکن وہ جانبر نہ ہوسکی۔
بھارتی بارڈر فورسز (بی ایس ایف) کی شیلنگ سے کچ منڈ، پل بجوان، شونتی ڈیرہ سمیت دیگر علاقوں میں مجوعی طورپر 24 افراد زخمی ہوئے۔
سیالکوٹ ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی کے سی ای او ڈاکٹر لطیف نے بتایا کہ زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد کے بعد سیالکوٹ سی ایم ایچ روانہ کردیا گیا۔
مزید پڑھیں: آزاد کشمیر: بھارتی شیلنگ سے مزید 4 شہری زخمی
علاوہ ازیں بتایا گیا کہ بھارتی گولہ باری سے درجن سے زائد پالتو جانور بکریاں، گائیں اور بھینسیں بھی ہلاک ہوگئیں۔
اس حوالے سے فرانسیسی خبررساں ادارے اے ایف پی کے مطابق بھارتی حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ اکنور میں پاکستانی فورسز کی فائرنگ سے 2 بھارتی اہلکار ہلاک اور 7 شہری زخمی ہوئے ہیں۔
بھارتی بارڈر فورسز کے ترجمان مانجو یادیو نے جموں و کشمیر سے اے ایف پی کو بتایا کہ ‘زخمی اہلکاروں کو ملٹری ہسپتال روانہ کردیا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ سکے’۔
دوسری جانب پاکستانی حکام نے بھارتی الزام سے متعلق تبصرہ نہیں کیا۔
دونوں ممالک کے درمیان 2003 میں فائر بندی کا معاہدہ ہوا تھا مگر گزشتہ کچھ عرصے سے اس معاہدے کی خلاف ورزی کے باعث پاکستان اور ہندوستان کے فوجیوں کے ساتھ ساتھ سرحد پر عام آبادی بھی نشانہ بنی ہے۔
یہ پڑھیں: ورکنگ باؤنڈری: بھارتی فوج کی جارحیت جاری، 2 خواتین جاں بحق
ہندوستان اور پاکستان دونوں ایک دوسرے پر 15 برسوں سے متواتر فائر بندی کی خلاف ورزی کا الزام عائد کرتے رہے ہیں۔
نومبر 2017 میں پاکستان رینجرز اور بھارتی بارڈر سیکیورٹی فورسز کے اعلیٰ حکام کی ملاقات میں 2003 کے معاہدے پر عمل درآمد کی یقین دہانی کے باوجود بھارت کی جانب سے مسلسل خلاف وزری جاری ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ برس بھارتی فوجیوں نے 1881 مرتبہ لائن آف کنٹرول (ایل او سی ) اور ورکنگ باؤنڈری کی خلاف ورزی کی جس کے نتیجے میں فوجیوں سمیت کل 87 افراد جاں بحق ہوئے جبکہ 2018 میں اب تک یہ تعداد 70 کے قریب ہوچکی ہے۔
یہ خبر 4 جون 2018 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی