پشاور: کم سن بچی کو برہنہ گھمانے کے الزام میں ایک شخص گرفتار
پشاور کےعلاقے ہشت نگری میں گزشتہ روز 16 سالہ بچی کو برہنہ کر کے گھمانے کے واقعے کے مبینہ ملزم کو پولیس نے گرفتار کرلیا۔
سینیئر سپرنٹنڈنٹ پولیس (ایس ایس پی) سٹی فاروق کوکب کا کہنا تھا کہ ملزم نے واقعے کے بعد شہر چھوڑ دیا تھا اور تھوڑے تھوڑے عرصے کے لیے راولپنڈی، حسن ابدال، واہ کینٹ اور مردان میں رہائش اختیار کی تھی۔
ان کا کہنا تھا کہ پولیس ملزمان کا پیچھا کر رہی تھی اور اس کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جارہے تھا تاہم ملزم کے شہر میں واپس آنے پر پولیس کو کامیابی حاصل ہوئی پشاور کے علاقے چمکنی روڈ سے اسے گرفتار کیا گیا۔
شہید گلفت حسین تھانے کے اسٹیشن ہاؤس افسر (ایس ایچ او) واجد شاہ کا کہنا تھا کہ ملزم جس نے لڑکی کو برہنہ حالت میں اس کے گھر کے ارد گرد گھمایا تھا نے مبینہ طور پر لڑکی پر تشدد بھی کیا تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ واقعہ ملزم اور متاثرہ، دونوں خاندانوں کے درمیان ہونے والے جھگڑے کے نتیجے میں پیش آیا اور دونوں خاندانوں نے تھانے میں شکایت درج کرا رکھی ہے۔
فرسٹ انفارمیشن رپورٹ (ایف آئی آر) کے مطابق متاثرہ لڑکی اپنے ماں کے ہمراہ تھانے سے واپس گھر آرہی تھی کہ ملزم اور اس کے رشتہ دار نے معاملہ اپنے ہاتھوں میں لیتے ہوئے لڑکی کے کپڑے پھاڑے اور تشدد کا نشانہ بھی بنایا۔
بعد ازاں علاقہ مکینوں کا بچی کو بچانے کے لیے سامنے آنے پر ملزم فوری طور پر وہاں سے فرار ہوگیا۔
خیال رہے کہ ملزم کے خلاف آرٹیکل 354 اے کے تحت مقدمہ درج ہے۔
واضح رہے کہ آرٹیکل 354 اے میں خواتین کے خلاف طاقت کا ناجائز استعمال اور اس کے کپڑے پھاڑنا یا تشدد کا کہا گیا ہے۔
تبصرے (1) بند ہیں