گلگت بلتستان: اپوزیشن کی تاجر برادری کے مطالبات تسلیم نہ کرنے پر احتجاج کی دھمکی
گلگت بلتستان اسمبلی (جی بی اے) اور عوامی ایکشن کمیٹی (اے اے سی) نے خبردار کیا ہے کہ اگر تاجر برادری کے مطالبات تسلیم نہیں کیے گئے تو خطے بھر میں احتجاج کا دائرہ وسیع کردیا جائے گا۔
گلگت بلتستان تاجر، ٹرانسپورٹر اور مزدوروں نے سُست ڈرائی پورٹ پر ویب بیس ون کسٹم کا نظام متعارف کرانے اور ٹیکس کے نفاذ کے خلاف سست ٹاؤن میں چوتھے دن بھی احتجاجی دھرنا جاری رکھتے ہوئے قراقرم ہائی وے، پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) انٹری پوائنٹ بلاک کردیا۔
یہ بھی پڑھیں: گلگت بلتستان میں ’نیو آرڈر‘ کالعدم قرار دینے تک مظاہروں کا اعلان
احتجاج کے باعث دونوں جانب سے ٹریفک کی آمد و رفت تقریباً معطل ہو کر رہا گئی۔
جی بی اے کے اپوزیشن رہنما محمد شفیع، اے اے سی چیئرمین مولانا سلطان رئیس نے بھی احتجاجی مظاہرین سے ملاقات کی اور ان سے اظہار یکجہتی کیا۔
اس موقع پر محمد شفیع نے کہا کہ جی بی کے تاجروں کا احتجاج کئی دن سے جاری ہے تاہم متعلقہ حکام کی جانب سے کوئی بھی ان سے ملاقات کے لیے نہیں آیا۔
انہوں نے الزام لگایا کہ پاکستان کسٹمز اور فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے سی پیک منصوبوں کے خلاف سازش تیار کی اور جی بی کے لوگوں کو برا نام دیا۔
اپوزیشن لیڈر کا کہنا تھا کہ جی بی کے لوگ پاک چین تاجروں کے ساتھ کھڑے ہیں اور مقامی لوگوں کے لیے سی پیک منصوبوں کی کامیابی بہت ضروری ہے۔
مزید پڑھیں: گلگت بلتستان آڈر 2018 کے خلاف احتجاج میں متعدد مظاہرین زخمی
اے اے سی چیئرمین مولانا سلطان رئیس نے کسٹمز اور ایف بی آر حکام پر تنقید کی کہ وہ جی بی آڈر تسلیم کرنے سے گریزاں ہیں، اگر وہ جی بی کورٹس کے حکم ماننے سے انکار کررہے ہیں تو خطے میں ان کی موجودگی سوالیہ نشان ہے، یہ انتہائی احساس نوعیت کا معاملہ ہے جسے ہنگامی بنیادوں پر فوراً حل ہونا چاہیے۔
پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے رہنما جاوید حیسن نے مقامی تاجروں کو خصوصی مراعات کی فراہمی کے بغیر مذکورہ روڈ سے پاک چین تجارت کی گنجائش نہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ جی بی تاجر اور مزدور اپنے مطالبوں کو تسلیم کیے بغیر احتجاج ختم نہیں کریں گے۔
دوسری جانب ماڈل کسٹمز کلیٹریٹ (ایم سی سی) نے گزشتہ روز اعلامیہ جاری کیا جس میں الزامات کو بے بنیاد قرار دیا گیا۔
ڈپٹی کلیکٹر اسفندیار خان کی جانب سے جاری پریس ریلیز میں ویب بیس ون کسٹم کے حوالے سے تمام تر خدشات اور تحفظات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کسٹمز مقامی تاجروں کو ہمیشہ مدد کرنا چاہتا ہے۔
یہ پڑھیں: ’گلگت بلتستان والوں کو آئین میں دیگر شہریوں جیسے تمام حقوق حاصل ہیں‘
پریس ریلیز کے مطابق ویب بیس ون کسٹم ایک کلیئرنس سافٹ ویئر ہے جس میں تمام امور کی تفصیلات درج دیکھی جا سکتی ہے۔
کلیئرنگ ایجنڈ، تاجر، ٹرمینل آپریٹرز، بینک اور دیگر حکومتی یا غیر ریاستی اداروں سے متعلق ساری تفصیلات سسٹم سے منسلک ہو جائے گی اور تمام اسٹیک ہولڈرز اسکرین پر ڈیٹا دیکھ سکتے ہیں۔
یہ خبر 3 جون 2018 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی