• KHI: Fajr 5:37am Sunrise 6:58am
  • LHR: Fajr 5:16am Sunrise 6:42am
  • ISB: Fajr 5:24am Sunrise 6:52am
  • KHI: Fajr 5:37am Sunrise 6:58am
  • LHR: Fajr 5:16am Sunrise 6:42am
  • ISB: Fajr 5:24am Sunrise 6:52am

راولپنڈی: غیرت کے نام پر لڑکی کا قتل، ملزم گرفتار

شائع June 2, 2018

راولپنڈی: تحصیل گوجر خان میں غیرت کے نام پر 16 سالہ لڑکی مریم کو قتل کرنے والے ملزم عدنان کو گرفتار کرلیا گیا، جبکہ اس کے قبضے سے آلہ قتل بھی برآمد کرلیا گیا۔

پولیس ذرائع کے مطابق گوجر خان کے علاقے ڈھوک حیات علی میں قتل ہونے والی لڑکی کی لاش کا پوسٹ مارٹم ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال گجر خان سے کرانے کے بعد میت ورثاء کے حوالے کردی گئی۔

پولیس کے مطابق لڑکی کو قتل کرنے والا شخص اس کا پھوہھی زاد بھائی ہے جو گھر کے قریب ہی رہائش پذیر تھا۔

ادھر مقتولہ کی والدہ کی مدعیت میں نامزد ملزم کے خلاف مقدمہ بھی درج کرلیا گیا، پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزم کا جسمانی ریمانڈ حاصل کرنے کے لیے ملزم کو کل (3 جون کو) مقامی عدالت میں پیش کیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں: غیرت کے نام پر بیٹوں کے ہاتھوں 50 سالہ ماں کا قتل

گجر خان پولیس کے مطابق جمعرات کو افطاری سے ڈیڑھ گھنٹہ قبل ڈھوک حیات علی میں 16 سالہ مریم کو اس کے کزن عدنان عرف دانی نے غیرت کے نام پر قتل کر دیا تھا۔

پولیس کا کہنا تھا کہ مقتولہ مریم کچھ دن قبل عرفان حیدر نامی نوجوان کے ساتھ گھر سے فرار ہوگئی تھی، تاہم 3 دن قبل نوجوان عرفان حیدر کے گھر والوں نے لڑکی کے کم عمر ہونے کی وجہ سے اسے گھر واپس چھوڑ کر شادی کرنے سے انکار کر دیا تھا۔

مزید پڑھیں: راولپنڈی: غیرت کے نام پر بہن اور بہنوئی کا قتل

اس حوالے سے محلہ ڈھوک حیات علی کے ایک رہائشی اور عینی شاہد نے ڈان نیوز کو بتایا کہ مقتولہ لڑکی کا والد مطلوب حسین ڈیڑھ سال قبل خشکی کے راستے سے ترکی گیا تھا اور وہ اب بھی وہیں قیام پذیر ہے، جبکہ مقتولہ اور اس کی والدہ گھر میں کریانہ اسٹور چلاتے تھے۔

محلہ دار کا مزید کہنا تھا کہ مقتولہ اکثر بازار سے چیزیں لینے جاتی تھی اور اس دوران اس کی دوستی رکشہ ڈرائیور عرفان حیدر سے ہوئی، بات جب شادی تک پہنچی تو وہ رکشہ ڈرائیور کے ساتھ گھر سے چلی گئی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: بدین: ’غیرت کے نام‘ پر شوہر کے ہاتھوں 8 بچوں کی ماں کا قتل

بعدازاں گھر واپس پہنچائے جانے پر مقتولہ کے کزن عدنان کو طیش آگیا اور اس نے غیرت میں آکر اپنی ماموں زاد بہن کو اس کے گھر جاکر فائرنگ کرکے زخمی کر دیا، جس کے بعد لڑکی کو انتہائی تشویشناک حالت میں تحصیل ہیڈ کوارٹر اسپتال گجر خان منتقل کیا گیا لیکن وہ جانبر نہ ہو سکی اور جاں بحق ہوگئی۔

اس بارے میں تھانہ گجر خان کے اسٹیشن ہاؤس آفیسر (ایس ایچ او) اشتیاق مسعود چیمہ نے ڈان نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ مقتولہ کو سینے میں 3 گولیاں ماری گئیں۔

مزید پڑھیں: ٹنڈو آدم: غیرت کے نام پر شوہر نے اپنی بیوی اور بہن کو قتل کردیا

ملزم کے حوالے سے پولیس کا کہنا تھا کہ ملزم عدنان کوئی کام کاج نہیں کرتا اور اکثر گھر ہی میں ہوتا تھا، مقتولہ کا پوسٹ مارٹم مکمل کر لیا گیا اور ملزم عدنان کے خلاف مقتولہ کی والدہ کی مدعیت میں مقدمہ بھی درج کر لیا گیا۔

ایس ایچ او کے مطابق ملزم اپنی کزن کو قتل کرنے کے بعد فرار ہوگیا تھا تاہم چھاپہ مار ٹیمیں تشکیل دینے کے بعد پولیس نے ملزم کو ڈھوک حیات علی سے گرفتار کر لیا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 27 نومبر 2024
کارٹون : 26 نومبر 2024