• KHI: Asr 4:12pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:04pm
  • ISB: Asr 3:26pm Maghrib 5:04pm
  • KHI: Asr 4:12pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:04pm
  • ISB: Asr 3:26pm Maghrib 5:04pm

جسٹس (ر) ناصر الملک نے نگراں وزیر اعظم کے عہدے کا حلف اٹھا لیا

شائع June 1, 2018

اسلام آباد: سابق چیف جسٹس (ر) ناصر الملک نے پاکستان کے 7ویں نگراں وزیر اعظم کے عہدے کا حلف اٹھا لیا۔

ایوان صدر میں تقریب حلف برداری میں صدر مملکت ممنون حسین، سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی، چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ، دیگر مسلح افواج کے افسران، چیئرمین سینیٹ، وفاقی کابینہ کے ارکان، چاروں صوبوں کے گورنر اور دیگر اہم شخصیات نے شرکت کی۔

تقریب حلف برداری کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا، جس کے بعد صدر پاکستان ممنون حسین نے نگراں وزیر اعظم جسٹس (ر) ناصر الملک سے ان کے عہدے کا حلف لیا۔

مزید پڑھیں: وفاقی حکومت، قومی اسمبلی آئینی مدت پوری ہونے کے بعد ختم

بعد ازاں نگراں وزیر اعظم جسٹس (ر) ناصر الملک کو مسلح افواج کے دستوں سے گارڈ آف آنر بھی پیش کیا گیا اور انہوں نے وزیر اعظم ہاؤس میں اہم شخصیات سے ملاقات بھی کی۔

نگراں وزیر اعظم کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا— فوٹو: ڈان نیوز
نگراں وزیر اعظم کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا— فوٹو: ڈان نیوز

اس موقع پر غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے جسٹس (ر) ناصرالملک کا کہنا تھا کہ شفاف انتخابات اولین ترجیح ہیں اور مینڈیٹ کے مطابق ہی کام کروں گا۔

قبل ازیں سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے اپنے عملے کے لوگوں سے الوداعی ملاقاتیں کی تھیں جبکہ مسلح افواج کی جانب سے انہیں گارڈ آف آنر بھی پیش کیا گیا تھا۔

یاد رہے کہ گزشتہ شب رات 12 بجے وفاقی حکومت اپنی 5 سالہ آئینی مدت پوری کرنے کے بعد تحلیل ہوگئی تھی اور شاہد خاقان عباسی بطور اٹھارویں منتخب وزیر اعظم 10 ماہ خدمات انجام دینے کے بعد اپنے عہدے سے سبکدوش ہو گئے تھے۔

اس سے قبل 28 مئی کو سابق وزیر اعظم شاہد خاقان اور سابق اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے مشترکہ طور پر سابق چیف جسٹس (ر) ناصر الملک کو پاکستان کا ساتواں نگراں وزیراعظم نامزد کیا تھا۔

جسٹس (ر) ناصر الملک کون ہیں؟

جسٹس (ر) ناصر الملک 17 اگست 1950 کو صوبہ خیبرپختونخوا کے ضلع سوات میں پیدا ہوئے اور انہوں نے 1972 میں پشاور یونیورسٹی سے ایل ایل بی مکمل کیا۔

1976 میں انہوں نے لندن سے ایل ایل ایم کی ڈگری حاصل کی اور 17 سال تک پشاور ہائی کورٹ میں پریکٹس لائر رہے۔

جسٹس (ر) ناصر الملک نے اپنے عدالتی کیریئر کا آغاز 1994 میں کیا اور 6 جون کو وہ پشاور ہائی کورٹ کے جج مقرر ہوئے اور 2004 تک اسی منصب پر رہے۔

بعد ازاں صوبائی حکومت کی منظوری کے بعد 31 جولائی 2004 کو جسٹس (ر) ناصر الملک پشاور ہائی کورٹ کے چیف جسٹس مقرر ہوئے جبکہ 2005 میں انہیں سپریم کورٹ آف پاکستان منتقل کردیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: انتخابات 2018: جسٹس (ر) ناصر الملک نگراں وزیرِاعظم نامزد

اس کے علاوہ 30 نومبر 2013 سے 6 جولائی 2014 تک انہوں نے قائم مقام چیف الیکشن کمشنر پاکستان کے فرائض بھی سرانجام دیئے۔

6 جولائی 2014 کو جسٹس (ر) ناصر الملک نے پاکستان کے 22 ویں چیف جسٹس کے عہدے کا حلف اٹھا اور 16 اگست 2015 تک اپنے منصب پر فائز رہے۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024