• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

لاہور: عدالت میں فائرنگ، زیر حراست قتل کا ملزم ہلاک

شائع May 28, 2018

صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور کی ضلع کچہری میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں قتل کے زیر حراست ملزم اسلم عرف اچھو ہلاک ہوگیا۔

پولیس کے مطابق ملزم کو عدالت میں پیشی کے بعد واپس لے جایا جا رہا تھا کہ نامعلوم افراد نے فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں ملزم موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا۔

بعد ازاں سیشن جج لاہور عابد حسین قریشی اور رجسٹرار نے ضلع کچہری میں فائرنگ کے واقعے کا نوٹس لیا اور پولیس حکام سے عدالت کی ناقص سیکیورٹی پر فوری رپورٹ طلب کرلی۔

مزید پڑھیں: لاہور: سیشن کورٹ میں وکیل کی فائرنگ سے 2 وکلا ہلاک

سیشن جج کا کہنا تھا کہ ذمہ داروں کو فوری طور گرفتار کیا جائے اور بتایا جائے کہ فائرنگ کا واقعہ کیوں اور کیسے پیش آیا۔

خیال رہے کہ لاہور کی ضلع کچہری میں فائرنگ سے ہلاک ہونے والے ملزم پر ایم این اے سیف الملوک کھوکھر کے بھانجے کے قتل کا الزام تھا۔

یاد رہے کہ یہ پہلا واقعہ نہیں کہ عدالت میں ملزمان کی جانب سے فائرنگ کی گئی، اس سے قبل بھی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ میں فائرنگ کے مختلف واقعات رونما ہوچکے ہیں۔

مختلف شہروں کی عدالتوں میں سیکیورٹی میں غفلت یا دیگر وجوہات کی بنا پر فائرنگ کے واقعات میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے اور مجموعی طور پر لاہور میں 2011 سے اب تک 10 افراد کو مختلف عدالتوں میں فائرنگ کرکے ہلاک کیا جاچکا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: لاہور: پیشی پر آئے ملزم پر فائرنگ، پولیس اہلکار سمیت 2 افراد جاں بحق

رواں سال 31 جنوری کو سیشن کورٹ لاہور میں فائرنگ سے کانسٹیبل آصف اور زیر حراست ملزم ملک امجد ہلاک ہوئے تھے، 20 فروری کو 2 وکلاء کو کمرہ عدالت کے باہر قتل کر دیا گیا تھا۔

اس سے قبل ڈیرہ غازی خان میں بھی اسی طرح کا ایک واقعہ پیش آیا تھا، جب پیشی کے بعد واپس جانے والے افراد پر مخالفین کی جانب سے فائرنگ کردی گئی جس کے نتیجے میں 3 افراد جاں بحق ہوگئے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024