• KHI: Fajr 5:36am Sunrise 6:56am
  • LHR: Fajr 5:14am Sunrise 6:39am
  • ISB: Fajr 5:22am Sunrise 6:49am
  • KHI: Fajr 5:36am Sunrise 6:56am
  • LHR: Fajr 5:14am Sunrise 6:39am
  • ISB: Fajr 5:22am Sunrise 6:49am

برطانیہ پاکستان میں تعلیمی بہتری کیلئے 80 ارب روپے خرچ کرے گا

شائع July 10, 2013

برطانیہ پاکستان میں تعلیم اور صحت کیلئے اگلے پانچ برسوں میں اربوں روپے کی امداد کرے گا۔ تصویر حسین افغال۔
برطانیہ پاکستان میں تعلیم اور صحت کیلئے اگلے پانچ برسوں میں اربوں روپے کی امداد کرے گا۔ تصویر حسین افغال۔

اسلام آباد: برطانیہ اور حکومت پنجاب کے درمیان تعلیم‘ صحت‘ سماجی و معاشی ترقی کے شعبوں میں تعاون پر اتفاق ہوگیا ہے جس کے مطابق برطانیہ آئندہ پانچ برسوں کے دوران 70 سے 80 ارب روپے خرچ کرے گا۔

 اس پروگرام کے تحت برطانیہ ایک لاکھ 35 ہزار خواتین اور نوجوانوں کو 2015ء تک ہنرمند بنانے میں معاونت کرے گا جبکہ برطانوی حکومت پنجاب میں 45 ہزار اساتذہ کو فنی تربیت فراہم کرنے میں مدد دے گی جس سے 33 لاکھ بچے سکول جانا شروع کریں گے۔

 بدھ کو برطانوی وزیر برائے بین الاقوامی ترقی جسٹن گریننگ نے وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف سے پنجاب ہاؤس میں ملاقات کی جس میں پنجاب میں تعلیم‘ صحت اور لوگوں کو ہنرمند بنانے کے لئے منصوبوں کا جائزہ لیا گیا۔

ملاقات کے بعد وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف نے کہا کہ۔ ففٹی ففٹی شراکت کی بنیاد پر جنوبی پنجاب میں پنجاب حکومت اور برطانوی حکومت کے اشتراک کار سے پنجاب میں تعلیمی اصلاحات‘ افراد کو ہنرمندی کی تربیت دینے سمیت کئی پروگرام شروع کئے جائیں گے۔ پنجاب کے 18 اضلاع میں یہ پروگرام شروع کیا جارہا ہے جوکہ پنجاب کا آدھا حصہ بنتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ خواتین کی بہبود اور بچوں کو سکول بھیجنے کے پروگرامز انتہائی اہم ہیں۔ پنجاب میں ہزاروں سکولوں میں نئے کمروں کی تعمیر اور درسی کتب کی فراہمی سمیت سہولیات فراہم کی جائیں گی۔

 پنجاب حکومت نے پرائمری سطح تک سکولوں میں 98 فیصد تک بچوں کی حاضری یقینی بنانے کے لئے بھرپور کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ برطانوی حکومت پنجاب میں تعلیم اور سماجی شعبے کی ترقی پر 70 سے 80 ارب روپے آئندہ پانچ برسوں میں خرچ کرے گی۔ یہ پروگرام صرف پنجاب کے لئے نہیں بلکہ ملک کے چاروں صوبوں کے لئے ہے۔ اب یہ صوبوں پر منحصر ہے کہ وہ اس پروگرام سے کتنا فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔

برطانوی وزیر مس جسٹن گریننگ نے کہا کہ برطانیہ کا پاکستان کے عوام سے قریبی اور گہرا تعلق ہے۔ انہوں نے پنجاب کے تعلیمی نظام کو خاص طور پر سراہا اور کہا کہ برطانیہ اساتذہ‘ درسی کتب کی فراہمی یقینی بنانے میں پاکستان کی بھرپور مدد کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں معاشی ترقی کا بھی ہمارا ایجنڈا ہے جس پر جلد کام شروع کیا جائے گا۔

ایک سوال کے جواب میں برطانوی وزیر نے کہا کہ یہ پروگرام صرف پنجاب تک محدود نہیں ہے بلکہ چاروں صوبوں کے لئے بھی ہے۔ ہماری صوبہ خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ سے بھی بات ہوئی ہے۔ وہاں بھی یہ پروگرام جلد شروع کیا جائے گا۔ ابتدائی طور پر پنجاب میں ان منصوبوں پر کام کا آغاز کیا گیا ہے جس کا دائرہ کار جلد ہی دیگر صوبوں تک بڑھا دیا جائے گا۔

کارٹون

کارٹون : 25 نومبر 2024
کارٹون : 24 نومبر 2024