عامر لیاقت کے پروگرام پر پابندی عائد
پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) نے نجی ٹی بول کے پروگرام 'رمضان میں بول' اور ' ایسا نہیں چلے گا' پر پابندی عائد کردی ہے۔
پیمرا کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق 24 مئی کو رمضان میں بول نامی پروگرام میں میزبان عامر لیاقت حسین نے سیگمنٹ عالم کے بول میں ایسے ریمارکس بولے جن پر یہ ایکشن لیا گیا۔
اس پروگرام میں میزبان نے گجرات، بھارت سے ایک ویڈیو کال لی جس میں کالر نے حضرت علی رضی اللہ عنہ کی خلافت پر سوالات کیے۔
یہ مواد براہ راست، بغیر ایڈٹ کیے اور کسی تاخیر کے بغیر نشر کیا گیا۔
اس موقع پر میزبان نے دانستہ طور پر ایسے جملے کہے جس سے لوگوں کی دل آزاری ہوئی-
نوٹیفکشن کے مطابق میزبان نے یہ سب کچھ ریٹنگ اور ویورشپ کے حصول کے لیے غیر ضروری ڈرامہ کے ساتھ کرتے ہوئے مذہب کا استعمال کیا، جس سے مختلف فرقوں اور عوام کے جذبات کو ٹھیس پہنچی۔
یہ سب کرنے کے بعد میزبان تو شو چھوڑ گئے مگر لائیو پروگرام میں مہمان عالم دین کے درمیان سخت جملوں کا تبادلہ ہوا۔
اس کے مدنظر پیمرا نے بول نیوز کو 'رمضان میں بول' اور ایسا نہیں چلے گا' نشر کرنے یا دوبارہ نشر کرنے پر تاحکم ثانی پابندی عائد کردی ہے۔
واضح رہے کہ عامر لیاقت حسین کے پروگرامز پر ماضی میں بھی کئی بار پابندی عائد کی جاچکی ہے۔
2016 میں ان کے پروگرام انعام گھر پر روز کی عارضی پابندی 'خودکشی کے مناظر' دکھانے پر عائد کی گئی۔
اسی طرح بول نیوز پر بھی ان کے پروگرام ایسا نہیں چلے گا، پر کئی بار پابندی لگائی گئی۔