آلو زندگی کو آسان کیسے بناسکتے ہیں؟
آلو ایک ایسی سبزی ہے جسے بڑے بچے سب ہی نہایت شوق سے کھانا پسند کرتے ہیں۔
شاید ہی کوئی ایسا ہوگا جو یہ کہے کہ اسے آلو کے چپس پسند نہیں۔
آلو تل کے کھائے جائیں، انہیں ابالا جائے یا پھر کسی اور انداز میں پکائے جائیں یہ سب کو ہی لذیذ لگتے ہیں۔
مگر کیا آپ کو معلوم ہے کہ کھانے سے ہٹ کر بھی آلو سے بہت کچھ ایسا کیا جاسکتا ہے جو ہزاروں روپے بچانے میں مددگار ثابت ہوسکتا ہے؟
مزید پڑھیں : آلو کھانے کے 6 اہم فوائد
زنگ سے نجات
دھاتی اشیاءپر زنگ لگنا بہت عام ہے مگر سوال یہ ہے کہ اسے فرائنگ پین یا کسی اور برتن سے کیسے فوری طور پر ہٹایا جائے؟ تو ایک آلو اس میں مدد دے سکتا ہے۔ آلو کو درمیان سے 2 ٹکڑوں میں کاٹ لیں اور پھر بیکنگ سوڈا، نمک یا برتن دھونے والا ڈیٹرجنٹ لیں۔ آلو کے کٹے ہوئے حصے کو بیکنگ سوڈا یا دیگر میں سے کسی میں ڈبوئیں اور زنگ زدہ اشیاءپر رگڑیں۔ اگر فور ی طور پر زنگ نہ اترے تو یہی عمل دوبارہ دہرائیں اور پھر پانی سے برتن دھولیں۔
سن برن کا زخم صحیح کرے
اگر سورج جلنے سے جلد جل گئی ہے تو 2 آلو لے کر انہیں دھولیں اور پتلے ٹکڑوں میں کاٹ لیں۔ اب وہ ٹکڑے متاثرہ حصے پر لگائیں اور 10 سے 15 منٹ کے لیے چھوڑ دیں، اس کے بعد جلد کو ٹھنڈے پانی سے دھولیں۔ اگر گرم پانی سے کوئی حصہ جلا ہے تو آلو کی یہ ٹرک کام نہیں کرے گی بلکہ آلو کے رس سے مدد لی جاسکتی ہے۔ کچے آلو کو پیس لیں اور متاثرہ حصے پر لگا کر اس وقت تک کے لیے چھوڑ دیں جب تک درد ختم نہ ہوجائے، ایسا 10 منٹ سے کچھ گھنٹوں میں ہوگا۔
کپڑوں سے داغ ہٹائے
مختلف اقسام کے کپڑوں سے آلو داغ ہٹانے کے لیے استعمال کیا جاسکتا ہے۔ اس مقصد کے لیے کچھ کچے آلو لیں اور ایسے برتن میں کدوکش کرلیں جس میں آدھا لیٹر پانی بھرا ہو۔ اس کے بعد آلو کے باہر نکال لیں اور اتنی ہی مقدار میں پانی برتن میں ڈال دیں، جس کے بعد 10 سے 15 منٹ تک انتظار کریں۔ اب اس پانی میں اسفنج کو بھگوئیں اور متاثرہ کپڑے پر رگڑ کر اسے بعد میں ٹھنڈے پانی سے دھولیں۔
چمڑے کے جوتوں کو صاف اور جگمگائیں
چمڑے کے جوتے دیکھنے اور پہننے میں اچھے لگتے ہیں اور لمبے عرصے تک چلتے ہیں، مگر وقت گزرنے کے ساتھ ان پر خراشیں یا چمک ماند پڑنے لگتی ہے۔ ایک آلو اس مسئلے کا حل ثابت ہوسکتا ہے۔ اس کے لیے ایک آلو کو ٹکڑوں میں کاٹ لیں اور ان ٹکڑوں کو جوتے کی سطح پر رگڑیں، کچھ منٹ تک انتظار کریں اور پھر جوتے کو نرم کپڑے سے اس وقت تک صاف کریں جب تک وہ دوبارہ جگمگانے نہ لگے۔
یہ بھی پڑھیں : آلو بخارے کھائیں اور خود کو صحت مند بنائیں
سردرد دور بھگائیں
اگر سردرد نے زندگی مشکل میں ڈال رکھی ہے اور ادویات کا استعمال نہیں کرنا چاہتے، تو ایک آلو کو دھو کر کاٹ لیں، اس کے ٹکڑوں کو پیشانی اور کنپٹی پر رکھ کر بینڈیج سے چپکا دیں۔ کچھ دیر کے لیے آنکھیں بند کرکے لیٹ جائیں اور انتظار کریں جب تک درد چلا نہ جائے۔
آلو کے رس سے صحت بہتر بنائیں
آلو کا رس وٹامنز، منرلز، کیلشیئم، فاسفورس اور وٹامن سی سے بھرپور ہوتا ہے جس کے متعدد فوائد ہوتے ہیں۔ برطانیہ کی مانچسٹر یونیورسٹی کے محققین نے دریافت کیا تھا کہ اس رس میں ایسا مالیکول ہوتا ہے جو سینے میں جلن کا علاج ثابت ہوسکتا ہے جبکہ معدے میں نقصان دہ بیکٹریا کو پھیلنے سے بھی روکتا ہے۔ یہ رس کولیسٹرول کی سطح بھی کم کرتا ہے جبکہ قبض دور بھگانے کے ساتھ جسمانی وزن میں کمی لانے میں بھی مدد دیتا ہے۔ اس رس کو بنانے کے لیے آلو کے چھلکے اتار دیں، پھر اسے کاٹ کر بلینڈر میں ڈال دیں اور سیال پیسٹ کی شکل دے دیں۔ یہ ذائقے میں تو بہت اچھا نہیں ہوگا مگر صحت کے لیے فائدہ مند ہے۔
جلد جگمگائے
آلو سے آنکھوں کے نیچے سیاہ حلقے دور کیے جاسکتے ہیں، جس مقصد کے لیے آلو کے 2 ٹکڑے لیں اور انہیں آنکھوں پر 10 سے 15 منٹ کے لیے لگا رہنے دیں، اس کے بعد ٹھنڈے پانی سے چہرے کو دھولیں۔ اسی طرح آلو کے ٹکڑے کو چہرے پر رگڑیں اور رات بھر کے لیے چھوڑ دیں، صبح معمول کے مطابق منہ دھولیں، ایسا روزانہ کرنے سے کیل مہاسوں سے نجات ملتی ہے۔ ڈارک اسپاٹ دور کرنے کے لیے آلو کے چھلکے اتار کر اسے بلینڈ کرلیں، پھر اس پیسٹ کو چہرے پر مالش کی شکل میں لگائیں اور پانچ منٹ کے لیے چھوڑ دیں اور پھر ٹھںڈے پانی سے دھولیں۔
چشمے کی صفائی
اگر آپ نظر کا چشمہ لگاتے ہیں تو یہ جانتے ہوں گے کہ جب شیشوں پر دھند سی چھا جائے تو مزاج پر کیسا چڑچڑاپن طاری ہوتا ہے ۔ اس سے نجات کے لیے آلو کو کاٹ کر اسے شیشوں پر رگڑیں اور پھر نرم کپڑے سے صاف کرلیں۔
کھڑکیاں بھی صاف کرے
کیمیکلز کی جگہ آلو کو 2 ٹکڑوں میں کاٹ کر پوری کھڑکی پر رگڑیں اور خشک کپڑے سے صاف کرکے انہیں جگمگا دیں۔