• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

آئی سی سی کا ٹیسٹ کرکٹ میں ٹاس ختم کرنے پر غور

شائع May 18, 2018 اپ ڈیٹ May 21, 2018
1877 سے اب تک ہر ٹیسٹ میچ کا آغاز ٹاس سے ہی ہوا ہے— فائل فوٹو: اے ایف پی
1877 سے اب تک ہر ٹیسٹ میچ کا آغاز ٹاس سے ہی ہوا ہے— فائل فوٹو: اے ایف پی

ٹاس کرکٹ کا ایک اہم اور بنیادی جزو تصور کیا جاتا ہے لیکن انٹرنیشنل کرکٹ کونسل(آئی سی سی) کی کرکٹ کمیٹی نے ٹاس کو ختم کرنے پر غور شروع کردیا ہے۔

آئی سی سی کی کرکٹ کمیٹی نئے فیوچر ٹور پروگرام میں شیڈول ٹیسٹ چیمپیئن شپ کے لیے ٹاس کو ختم کرنے پر بحث کرے گی جہاں اس تجویز کا بنیادی مقصد ہوم ٹیم کے ایڈوانٹج کا ختم کرنا ہے۔

1877 میں انگلینڈ اور آسٹریلیا کے درمیان کھیلے گئے ٹیسٹ میچ کے بعد سے اب تک کھیلے گئے ہر ٹیسٹ میچ کا آغاز ٹاس سے ہی ہوا جس کے بعد ٹاس جیتنے والی ٹیم بیٹنگ یا باؤلنگ کا فیصلہ کرتی ہے۔

روایت کے تحت ہوم ٹیم کا کپتان ٹاس اچھالتا ہے اور مہمان کپتان ہیڈ یا ٹیل بولتا ہے لیکن اب اس 140سال پرانی روایت کو ختم کرنے پر غور کیا جا رہا ہے۔

اس تجویز کی حمایت کرنے والوں کا کہنا ہے کہ میزبان ٹیم اپنی مرضی کی کنڈیشنز اور وکٹ تیار کرتی ہے جس سے ٹاس کی اہمیت ختم ہو جاتی ہے لہٰذا اس روایت ختم کیا جائے۔

آئی سی سی ٹیسٹ چیمپیئن شپ کا آغاز 2019 میں ہونے والی ایشز سیریز سے ہو گا جہاں آسٹریلیا کی ٹیم انگلینڈ کا دورہ کرے گی اور تجویز پیش کی گئی ہے ٹیسٹ چیمپیئن شپ کے دوران ٹاس ختم کر کے مہمان ٹیم کو بیٹنگ یا باؤلنگ کا اختیار دیا جائے۔

واضح رہے کہ یہ تجویز سب سے پہلے سابق آسٹریلیبن کوچ ڈیرن لی مین نے دی تھی جس کے بعد ان کے ہم وطن اور عظیم قائدین اسٹیو وا، رکی پونٹنگ، شین وارن، ای این بوتھم، مائیکل ہولڈنگ سمیت متعدد عظیم کھلاڑیوں نے بھی اس فیصلے سے اتفاق کیا تھا۔

یہ تجویز دراصل انگلش کاؤنٹی میں کامیاب تجربے کے بعد پیش کی گئی تھی جہاں 2016 میں انگلش کاؤنٹی چیمپیئن شپ میں ٹاس کے قانون کو تبدیل کرتے ہوئے مہمان ٹیم کو پہلے باؤلنگ کا حق دیا گیا تاہم اگر مہمان کپتان اس بات پر راضی نہ ہو تو پھر فیصلہ ٹاس سے ہوتا ہے۔

یاد رہے کہ ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن شپ 2019 سے 2021 تک کھیلی جائے گی جس میں پاکستان اور بھارت سمیت ٹیسٹ کرکٹ کھیلنے والی صف اول کی نو ٹیمیں 27دوطرفہ سیریز کھیلیں گی جس کے بعد صف اول کی دو ٹیموں کے درمیان 10سے14 جون 2021 تک فائنل کھیلا جائے گا۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024