• KHI: Zuhr 12:32pm Asr 4:14pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:28pm
  • ISB: Zuhr 12:08pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:32pm Asr 4:14pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:28pm
  • ISB: Zuhr 12:08pm Asr 3:27pm

ماہ رمضان میں ریلوے کے کرایوں میں 20 فیصد رعایت کا اعلان

شائع May 16, 2018

لاہور: وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کی ہدایات پر محکمہ ریلوے کی جانب سے رمضان پیکج کا اعلان کردیا گیا، جس کے تحت تمام ٹرینوں کی تمام کلاسز، مسافر اور مال بردار گاڑیوں کے کرایوں میں 20 فیصد کمی کی جائے گی۔

ریلوے کے ترجمان کے مطابق رمضان کے ابتدائی 2 عشروں کے لیے اس رعایت کا اطلاق پہلے سے بک کرائے گئے ٹکٹس پر بھی ہوگا، ان کا مزید کہنا تھا کہ عیدالفطر کے دوران مسافروں کے لیے مزید رعایتی پیکج کا اعلان کیا جائے گا۔

اس ضمن میں پاکستان ریلوے کے چیف ایگزیکٹو آفیسر عبدالحمید رضی کا کہنا تھا کہ گزشتہ 5 سالوں کے دوران مسافروں کو 2 درجن سے زائد مواقعوں پر رعایت دی جا چکی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ریلوے نقصان میں کیوں ہے؟

سیکیورٹی پلان

ریلوے پولیس کے آئی جی ڈاکٹر مجیب الرحمٰن نے ریلوے اسٹیشنز اور ٹرینوں میں فول پروف سیکیورٹی فراہم کرنے کے احکامات جاری کردیئے ہیں۔

اس حوالے سے اپنے دفتر میں ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے آئی جی ریلوے پولیس نے تمام ایس پیز کو خصوصی طور پر سحرو افطار کے موقع پر ریلوے اسٹیشنز، ٹرینوں، مساجد میں زیادہ سے زیادہ نفری تعینات کرنے کی ہدایت کی۔

اس کے علاوہ ریلوے اسٹیشنز کے داخلی اور خارجی راستوں کی اچھی طرح نگرانی کرنے اور میٹل ڈٹیکٹر کی مدد سے مسافروں کے سامان کی تلاشی لینے کے بھی احکامات جاری کیے گئے۔

اس ضمن میں ریلوے پولیس کی جانب سے اسٹیشنز پر کمانڈو کی تعیناتی کا آغاز کیا گیا اور ٹرینوں میں سادہ لباس اہلکاروں کی تعداد کو بھی 6 سے بڑھا کر 10 کردیا گیا۔

مزید پڑھیں: رواں مالی سال کے پہلے 7 ماہ میں پاکستان ریلوے کو 20 ارب 60 کروڑ روپے کا نقصان

اس کے علاوہ ریلوے پولیس کی بڑی تعداد کو غیر ضروری کاموں سے ہٹا کر ریلوے کے اہم مقامات کی حفاظت کے لیے تعینات کے ساتھ ریلوے کے ماتحت علاقوں میں گشت بڑھا دیا گیا ہے۔

اس سلسلے میں ریلوے حکام کی جانب سے ایک گشت کا انعقاد کیا جارہا ہے جس میں ٹرین کے مرکزی انجن کے ساتھ ایک پائلٹ انجن بھی منسلک کیا جائے گا تا کہ کسی حادثے کی صورت میں متاثرہ علاقے سے آسانی سے نکلا جاسکے۔

یہ بھی پڑھیں: ریلوے ٹکٹ آن لائن خریدنا جاز کیش سے ممکن

ریلوے کی جانب سے اس پیٹرولنگ کی نگرانی کی جاتی رہے گی، اس کے علاوہ ضلعی پولیس کے ساتھ بھی ایک اجلاس منعقد کیا گیا جس میں ریلوے ٹریک کے ساتھ گشت کا فیصلہ کیا گیا۔

اس کے علاوہ ریل کے ڈبوں کو روانہ کرنے سے قبل ان کی اچھی طرح صفائی اور دھلائی کرنے کے احکامات بھی دیئے گئے۔


یہ خبر ڈان اخبار میں 16 مئی 2018 کو شائع ہوئی

کارٹون

کارٹون : 24 دسمبر 2024
کارٹون : 23 دسمبر 2024