گردوں میں پتھری کی ان علامات کو کبھی نظرانداز مت کریں
گردوں میں پتھری ایک تکلیف دہ مرض ہوتا ہے جس کا علاج بھی آسان نہیں ہوتا کیونکہ وہ دوبارہ بھی بن سکتی ہے۔
گردوں میں پتھری کی متعدد وجوہات ہوسکتی ہیں جیسا پانی کم پینا، خاندان میں اس کے مریضوں کی موجودگی، مخصوص غذائیں خاص طور پر زیادہ نمک اور کیلشیئم والے کھانے، موٹاپا، ذیابیطس، پیٹ کے امراض اور سرجری وغیرہ۔
مزید پڑھیں : گردوں میں پتھری کا باعث بننے والی 12 وجوہات
گردے کی پتھری پیشاب کی نالی کے کسی بھی حصے کو متاثر کرسکتی ہے اور وہاں سے ان کا نکلنا کافی تکلیف دہ ثابت ہوتا ہے۔
عام طور پر اس سے کوئی زیادہ نقصان نہیں ہوتا، درد کش ادویات اور بہت زیادہ پانی پینا معمولی پتھری کو نکانے کے لیے کافی ثابت ہوتا ہے تاہم اگر وہ پیشاب کی نالی میں پھنس جائے یا پیچیدگیوں کا باعث بنے تو پھر سرجری کروانا پڑتی ہے۔
اس حوالے سے آپ کا معالج زیادہ بہتر مشورہ دے سکتا ہے اور پتھری نکل جانے کے بعد اس کے دوبارہ ابھرنے کو روکنے کے لیے اقدامات کے لیے اقدامات تجویز کرسکتا ہے۔
اس کی علامات کیا ہوتی ہے ؟
درحقیقت آغاز میں تو اس کی علامات سامنے نہیں آتیں تاہم گردوں میں حرکت کرنے یا پیشاب کی نالی میں جانے کے بعد یہ علامات سامنے آتی ہیں۔
اچانک اور انتہائی شدید درد
بالغ افراد میں اکثر گردوں میں پتھری کی تشخیص ہی اس وقت ہوتی ہے جب وہ پسلیوں کے نیچے سائیڈ اور پیچھے کی جانب کی بہت شدید درد، ایسا درد جو پیٹ سے نیچے جاتا محسوس ہو یا ایسا درد جس کی لہریں اور ارتعاش شدت سے محسوس ہو کے باعث ڈاکٹر سے رجوع کرتے ہیں، معدے اور کمر کے اطراف میں ہونے والا اچانک اور شدید درد ہی اس کی واضح نشانی ہوتی ہے۔طبی ماہرین کے مطابق گردوں میں پتھری کی صورت میں لوگوں کو اچانک شدید درد کا سامنا ہوتا ہے اور حیران کن بات یہ ہے کہ پتھری کے حجم کا تعلق درد سے نہیں ہوتا، بہت چھوٹی پتھری بھی تکلیف دہ درد کا باعث بن سکتی ہے جبکہ بڑی پتھری سے ہوسکتا ہے درد نہ ہو۔
پیشاب میں خون آنا
ایک اور انتباہی نشانی پیشاب میں خون آنا ہے، ایسا اکثر مریضوں کے ساتھ ہوتا ہے اور طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ کوئی اچھی علامت نہیں اور اسے دیکھنے پر فوری طور پر ڈاکٹر سے رجوع کیا جانا چاہئے۔
دیگر علامات
اچانک درد اور پیشاب میں خون آنا تو گردوں میں پتھری کی واضح علامات ہیں، مگر چند نشانیوں کا سامنا بھی ہوسکتا ہے جیسے متلی یا جی متلانا، قے ہونا، بہت زیادہ پسینے کا اخراج اور درد کی شدت سے رنگت زرد پڑ جانا وغیرہ۔ چند اقسام کی پتھریوں کے نتیجے میں انفیکشن کا سامنا ہوتا ہے جو کہ بخار کا باعث بنتا ہے۔
پتھری سے بچا کیسے جائے؟
یہ بھی پڑھیں : گردوں میں پتھری سے کیسے بچا جائے؟
طبی ماہرین کے مطابق ایک آسان طریقہ جس سے لوگ گردوں میں پتھری کو بننے سے روک سکتے ہیں، وہ مناسب مقدار میں پانی کا استعمال ہے کیونکہ ڈی ہائیڈریشن کو گردوں میں پتھری کی ایک بڑی وجہ سمجھا جاتا ہے۔
تبصرے (1) بند ہیں