• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:07pm
  • LHR: Maghrib 5:10pm Isha 6:33pm
  • ISB: Maghrib 5:12pm Isha 6:37pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:07pm
  • LHR: Maghrib 5:10pm Isha 6:33pm
  • ISB: Maghrib 5:12pm Isha 6:37pm

زائرہ وسیم بھی انزائٹی اور ڈپریشن کے شکار افراد میں شامل

شائع May 12, 2018 اپ ڈیٹ May 15, 2018
زائرہ وسیم نے عامر خان کی فلم ’دنگل‘ سے کیریئر کا آغاز کیا—فائل فوٹو: انڈیا ٹائمز
زائرہ وسیم نے عامر خان کی فلم ’دنگل‘ سے کیریئر کا آغاز کیا—فائل فوٹو: انڈیا ٹائمز

بولی وڈ فلم ’دنگل‘ اور ’سیکریٹ سپر اسٹار‘ میں اداکاری کے جوہر دکھانے والی 17 سالہ زائرہ وسیم نے اعتراف کیا ہے کہ وہ بھی انتہائی کم عمری میں ’ڈپریشن‘ اور ’انزائٹی‘ جیسی ذہنی بیماریوں میں مبتلا رہ چکی ہیں۔

خیال رہے کہ انزائٹی کو غیر یقینی کیفیت یا کچھ ناخوشگوار واقع ہونے کا ڈر کہا جا سکتا ہے۔

اردو میں انزائٹی کے لیے بے چینی، پریشانی یا گھبراہٹ جیسی اصطلاحات استعمال ہوتی ہیں۔

اسی طرح ’ڈپریشن‘ کے لیے اداسی، مایوسی اور دباؤ جیسی اصطلاحات استعمال کی جاسکتی ہیں۔

’انزائٹی اور ڈپریشن‘ کو ذہنی بیماریاں قرار دیا جاتا ہے، ماہرین کے مطابق اگرچہ اسے مکمل طور پر بیماری نہیں کہا جاسکتا، تاہم یہ بھی مرض کی ایک قسم ہے۔

یہ بھی پڑھیں: انزائٹی کی وجوہات، علامات اور علاج

اس میں انسان ذہنی طور پر مفلوج ہوجاتا ہے، اسے ہر وقت مرنے کے خیالات آنے سمیت بھوک کا نہ لگنا، بھوک کا بڑھ جانا، بار بار غصہ آنا، ڈرنا، سانس لینے میں دشواری سمیت اسی طرح کے کئی مسائل ہوتے ہیں۔

دنگل میں زائرہ وسیم نے کم عمر گیتا پھوگٹ کا کردار نبھایا تھا—اسکرین شاٹ
دنگل میں زائرہ وسیم نے کم عمر گیتا پھوگٹ کا کردار نبھایا تھا—اسکرین شاٹ

ان بیماریوں سے متعلق خیال کیا جاتا ہے کہ اس مرض کے شکار افراد زیادہ تر 25 سال سے زائد عمر کے ہوتے ہیں، تاہم یہ دیکھا گیا ہے کہ اس کے شکار افراد کا عمر اور جنس سمیت ان کی غربت و دولت سے بھی کوئی تعلق نہیں۔

17 سالہ زائرہ وسیم سے قبل بھی کئی بولی وڈ و ہولی وڈ کی معروف شخصیات، اداکار اور کروڑ پتی افراد اس بات کا اعتراف کرچکے ہیں کہ وہ ’انزائٹی اور ڈپریشن‘ کا شکار رہ چکے ہیں۔

بولی وڈ میں زائرہ وسیم سے قبل معروف اداکارہ دپیکا پڈوکون بھی اس بات کا اعتراف کر چکی ہیں کہ وہ بھی اس مرض میں مبتلا رہ چکی ہیں۔

دپیکا پڈوکون نے تو اس بیماری میں مبتلا افراد کے لیے ’ لائیو، لاف لو فاؤنڈیشن‘ نامی فلاحی ادارہ بھی کھول لیا۔

ان کے علاوہ الینا ڈی کروز بھی اس بات کا اعتراف کر چکی ہیں کہ وہ بھی طویل عرصے تک ’ڈپریشن‘ کا شکار رہ چکی ہیں۔

زائرہ وسیم نے اپنی ٹوئٹر اور انسٹاگرام پوسٹ میں تفصیلات بتاتے ہوئے انکشاف کیا کہ وہ 12 سال کی انتہائی کم عمری میں پہلی بار ’انزائٹی‘ کا شکار ہوئیں۔

مزید پڑھیں: ڈپریشن کی علامات اور علاج

زائرہ وسیم کے مطابق وہ قریبا ساڑھے 4 سال یعنی ساڑھے 16 برس کی عمر تک اس بیماری میں مبتلا رہیں۔

’دنگل‘ اسٹار نے بتایا کہ انہیں ’انزائٹی‘ اور ’ڈپریشن‘ کے اتنے شدید دورے پڑتے تھے کہ انہیں آدھی رات کو بھی ہسپتال لے جانا پڑتا تھا اور انہیں سانس لینے میں مشکل پیش آتی تھی۔

نیشل ایوارڈ یافتہ اداکارہ کے مطابق انہوں نے ’انزائٹی‘ اور ’ڈپریشن‘ کے دوران متعدد بار خودکشی کرنے کا بھی سوچا اور انہوں نے انتہائی تکلیف دہ زندگی گزاری۔

یہ بھی پڑھیں: دپیکا پڈوکون ڈپریشن کا شکار

انہوں نے اس بیماری کے دوران اپنی مختلف حالات کے حوالے سے بھی مداحوں کو آگاہ کیا اور بتایا کہ کس طرح وہ کئی کئی دن تک کھائے پیے بغیر رہتی تھیں اور پھر کس طرح اچانک حد سے زیادہ کھانا کھاتی تھیں۔

سیکریٹ سپر اسٹار میں وہ مسلمان گلوکارہ کے طور پر نظر آئیں—اسکرین شاٹ
سیکریٹ سپر اسٹار میں وہ مسلمان گلوکارہ کے طور پر نظر آئیں—اسکرین شاٹ

زائرہ وسیم نے اعتراف کیا کہ آغاز میں انہوں نے ذہنی طور پر اس بیماری کو قبول ہی نہیں کیا، کیوں کہ انہیں بتایا گیا تھا کہ اس بیماری میں چھوٹی عمر کے افراد مبتلا نہیں ہوتے۔

اداکارہ کے مطابق تاہم اب وہ جان چکی ہیں کہ ’انزائٹی‘ اور ’ڈپریشن‘ کا عمر، پیشے، جنس اور طرز زندگی سے کوئی تعلق نہیں، کوئی بھی شخص کسی وقت بھی اس میں مبتلا ہوسکتا ہے۔

مزید پڑھیں: الینا ڈی کروز بھی ڈپریشن کا شکار

اداکارہ نے اپنی پوسٹ میں بتایا کہ اب وہ ’انزائٹی‘ اور ’ڈپریشن‘ سے نکل چکی ہیں، تاہم انہوں نے یہ نہیں بتایا کہ انہوں نے اس پر کیسے قابو پایا۔

ساتھ ہی اپنی پوسٹ میں زائرہ وسیم نے مداحوں سے دعا کی کہ آنے والے بابرکت مہینے ’رمضان المبارک‘ میں انہیں دعاؤں میں یاد رکھا جائے۔

زائرہ وسیم اب تک 2 فلموں میں نظر آ چکی ہیں—فوٹو: دی ویک
زائرہ وسیم اب تک 2 فلموں میں نظر آ چکی ہیں—فوٹو: دی ویک

زائرہ وسیم نے رمضان المبارک کو بہترین کام کرنے کا اچھا موقع بھی قرار دیا۔

واضح رہے کہ 17 سالہ زائرہ وسیم نے 2016 میں ریلیز ہونے والی عامر خان کی فلم ’دنگل‘ میں ان کی ریسلر بیٹی ’گیتا پھوگٹ‘ کا کردار ادا کیا تھا، جس پر انہیں نیشنل ایوارڈ سے بھی نوازا گیا۔

ان کی دوسری فلم 2017 میں ریلیز ہونے والی عامر خان کی فلم ہی ’سیکریٹ سپر اسٹار‘ تھی، جس میں انہوں نے گلوکارہ انسیا کا کردار ادا کیا تھا۔

زائرہ وسیم کی دونوں فلموں پر انہیں نہ صرف نیشنل ایوارڈ بلکہ فلم فیئر اور اسکرین ایوارڈ سمیت دیگر ایوارڈز سے بھی نوازا جا چکا ہے۔

زائرہ نے دونوں ہی فلموں میں اداکاری پر ایوارڈز حاصل کر رکھے ہیں—فائل فوٹو: فوربز
زائرہ نے دونوں ہی فلموں میں اداکاری پر ایوارڈز حاصل کر رکھے ہیں—فائل فوٹو: فوربز

کارٹون

کارٹون : 5 نومبر 2024
کارٹون : 4 نومبر 2024