• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

آئرلینڈ کا ٹیسٹ کرکٹ میں ڈیبیو، پاکستانی ٹیم کی میچ میں واپسی

شائع May 12, 2018 اپ ڈیٹ May 13, 2018
—فوٹو:اے پی
—فوٹو:اے پی

آئرلینڈ نے ٹیسٹ کرکٹ میں شاندار آغاز کرتے ہوئے تجربہ کار پاکستان کی ٹیم کو تاریخی ٹیسٹ کے آغاز میں ہی شدید مشکلات سے دوچار کردیا اور تمام مرکزی بلے باز ناکام ہوئے تاہم شاداب خان اور فہیم اشرف نے ذمہ دارانہ بلے بازی سے قومی ٹیم کو تباہی سے بچالیا۔

ڈبلن میں کھیلے جارہے اس تاریخی ٹیسٹ میں آئرلینڈ نے ٹاس جیت کر کرکٹ کے اس طرز میں اپنے سفر کا آغاز کیا اور پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دے کر خود فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔

—فوٹو:اے پی
—فوٹو:اے پی

آئرلینڈ کا فیصلہ ابتدائی طور پر ہی درست ثابت ہو جب تجربہ کار بلے باز اظہرعلی 4 رنز بنا کر آوٹ ہوئے جس کے بعد اپنا پہلا ٹیسٹ کھیلنے والے امام الحق بھی 7 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔

حارث سہیل اور اسد شفیق نے ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے اسکور کو 71 رنز تک پہنچایا لیکن آئرلینڈ کے تھامپسن نے 31 رنز پر کھیلنے والے حارث سہیل کو آوٹ کرکے اس شراکت کو ختم کردیا اور پاکستان کو تیسرا بڑا نقصان پہنچا دیا۔

اسد شفیق کا ساتھ دینے کے لیے بابراعظم میدان میں اترے لیکن وہ بھی خاطر خوا کار کردگی دکھانے میں ناکام ہوئے اور صرف 14 رنز بنا کر 104 کے مجموعے پر پویلین لوٹ گئے۔

مزید پڑھیں: آئرلینڈ کے ٹیسٹ ڈیبیو میں تاخیر، پہلے دن کا کھیل بارش کی نذر

کپتان سرفراز احمد اور اسد شفیق نے پانچویں وکٹ میں 49 رنز کا اضافہ کیا جس کے بعد آئرلینڈ کے تجربہ کار باولر ولیم رینکن نے اسد شفیق کی وکٹ حاصل کرلی۔

اسد شفیق نے سب سے زیادہ 62 رنز بنائے اور آوٹ ہونے والے پانچویں بلے باز تھے جس کے بعد سرفراز احمد بھی صرف 6 رنز کے اضافے کے بعد آوٹ ہوئے، کپتان 20 رنز بنا کر تھامپسن کا شکار بنے۔

پاکستان کے تجربہ کار بلےبازوں کے آوٹ ہوتے ہی تمام ذمہ داری نوجوان آل راونڈر شاداب خان اور فہیم اشرف کے کاندھوں پر آگئی جس کو انھوں نے بہتر انداز میں نبھائی اور چائے کے وقفے تک ٹیم کے اسکور کو 193 تک پہنچا دیا۔

چائے کے وقفے پر پاکستان کا اسکور 6 وکٹوں پر 193 رنز تھا، شاداب خان 25 اور فہیم اشرف 15 رنز بنا کر کھیل رہے تھے.

فہیم اشرف نے وقفے کے بعد تیز کھیل کا مظاہرہ کیا جبکہ شاداب خان بھی ذمہ داری نبھاتے رہے اور دونوں کھلاڑیوں نے انفرادی طور پر اپنی نصف سنچریاں بھی مکمل کر لیں۔

ڈبلن میں دوسرے دن کا کھیل جب ختم ہوا تو پاکستان نے 6 وکٹوں کے نقصان پر 268 رنز بنا کر اپنی پوزیشن بہتر کر لی تھی۔

فہیم اشرف 61 اور شاداب خان 52 رنز بنا کر کھیل رہے تھے۔

واضح رہے کہ پاکستان اور آئرلینڈ کے درمیان تاریخی ٹیسٹ میچ کا پہلا دن بارش کی نذر ہوگیا تھا جس کے باعث پہلے دن کھیل ممکن نہیں ہوا۔

ڈبلن ٹیسٹ کے دوسرے روز موسم میں بہتری کے باعث میچ کا آغاز ہوا اور آئرلینڈ نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔

ٹاس کے موقع پر قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے کہا کہ آئر لینڈ کے خلاف ٹیسٹ میچ کھیلنا میرے اور میری ٹیم کے لیے اعزاز کی بات ہے۔

انھوں نے کہا کہ ابتدا میں بلے بازوں کو مشکلات کا سامنا ہوسکتا ہے لیکن یہ ایک بہترین بیٹنگ وکٹ ہے۔

یہ بھی پڑھیں: کس ٹیم نے پہلا ٹیسٹ میچ کب اور کہاں کھیلا؟

پاکستان نے آئرلینڈ کے خلاف اس تاریخی میچ کے لیے دو نئے کھلاڑیوں کو ٹیم میں شامل کیا اور پاکستان کی جانب سے امام الحق اور فہیم اشرف کو ڈیبیو کیا۔

ڈبلن ٹیسٹ کے لیے دونوں ٹیموں میں شامل کھلاڑی

پاکستانی ٹیم: سرفراز احمد (کپتان)، اظہر علی، امام الحق، حارث سہیل، اسد شفیق، بابر اعظم، شاداب خان، فہیم اشرف، محمد عامر، محمد عباس اور راحت علی

آئر لینڈ کی ٹیم: ڈبلیو ٹی ایس پورٹ فیلڈ (کپتان)، پی آر اسٹرلنگ، ای سی جوئس، این جے او برائن، اے بالبرینی، جی سی والیسن، کے جے اوبرائن، ایس آر تھومپسن، ٹی اے کین، ڈبلیو بی رینکن اور ٹی جے مرتاگھ

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024