• KHI: Asr 4:12pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:04pm
  • ISB: Asr 3:26pm Maghrib 5:04pm
  • KHI: Asr 4:12pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:04pm
  • ISB: Asr 3:26pm Maghrib 5:04pm

انتخابی نشان کیلئے 15 مئی سے درخواستیں دی جائیں، ای سی پی

شائع May 12, 2018

الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے عام انتخابات 2018 میں حصہ لینے والی تمام سیاسی جماعتوں کو انتخابی نشان کے لیے 15مئی سے درخواستیں دینے کی ہدایت کردی۔

ای سی پی کی جانب سے سیاسی جماعتوں کو بھجوائے گئے مراسلے میں مختلف شرائط درج کی گئیں جن پر سیاسی جماعتوں کو پورا اترنا چاہیے۔

مراسلے میں کہا گیا ہے کہ کم از کم 5 فیصد خواتین کو ٹکٹ جاری نہ کرنے والی جماعت کو انتخابی نشان جاری نہیں کیا جائے گا۔

ہر اس سیاسی جماعت کو بھی عام انتخابات کے لیے انتخابی نشان نہیں دیا جائے گا جو انٹراپارٹی الیکشن کا سرٹیفکیٹ اور سالانہ گوشوارے جمع نہ کرواتی۔

یہ بھی پڑھیں:الیکشن 2018 کے لیے ڈی آر اوز اور آر اوز تعینات

الیکنش کمیشن کے مطابق نئے انتخابی بل کے سیکشن 206، 209، 210، 215 اور 216 پر پورا اترنے والی جماعت کو انتخابی نشان الاٹ ہوگا۔

انتخابات میں حصہ لینے والی جماعتوں سے کہا گیا ہے کہ شرائط پر پورا اترنے والی سیاسی جماعتوں سے 15 مئی سے درخواستیں طلب کی جائیں گی۔

واضح رہے کہ الیکشن کمیشن نے رواں ہفتے ہی عام انتخابات 2018 کے لیے ملک بھر میں ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران (ڈی آر اوز)، ریٹرننگ افسران (آر اوز) کو تعینات کرنے کا اعلان کرچکا ہے۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران کا تعلق ماتحت عدالتوں سے ہوگا جبکہ چند اضلاع اور وفاق کے زیر انتظام قبائلی علاقے (فاٹا) میں ڈی آر اوز ضلعی انتظامیہ سے لیے گئے ہیں۔

الیکشن کمیشن کا مزید کہنا تھا کہ جوڈیشل افسران کی عدم دستیابی کے باعث انتظامیہ سے افسران لیے گئے ہیں۔

ای سی پی کا کہنا تھا کہ ملک بھر میں 131 ڈی آر اوز تعینات کئے گئے ہیں جبکہ فاٹا کی 7 ایجنسیوں میں ڈی آر اوز پولیٹیکل ایجنٹ ہوں گے۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024