• KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm
  • KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm

سرفراز کو میچ فکسنگ کی پیشکش پر عرفان انصاری معطل

شائع May 10, 2018
عرفان انصاری نے مبینہ طور پر قوی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کو میچ فکسنگ کی پیشکش کی تھی— فائل فوٹو: اے ایف پی
عرفان انصاری نے مبینہ طور پر قوی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کو میچ فکسنگ کی پیشکش کی تھی— فائل فوٹو: اے ایف پی

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل(آئی سی سی) نے قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کو میچ فکسنگ کی پیشکش کرنے والے عرفان انصاری کو اینٹی کرپشن کوڈ کی خلاف ورزی کا مرتکب قرار دیتے ہوئے فوری طور پر معطل کردیا ہے۔

عرفان انصاری ایک عرصے تک شارجہ کرکٹ کونسل کے کوچ رہنے کے ساتھ ساتھ ٹورنامنٹ کی تنظیمی کمیٹی کے رکن بھی رہ چکے ہیں لیکن انہیں متحدہ عرب امارات کی کرکٹ میں ہر قسم کے عہدے سے معطل کرتے ہوئے 19مئی کے بعد 14دن کے اندر جواب جمع کرانے کا حکم دیا گیا ہے۔

گزشتہ سال سری لنکا کے خلاف ون ڈے سیریز کے دوران عرفان نے مبینہ طور پر سرفراز احمد کو میچ فکسنگ کی پیشکش کی تھی لیکن سرفراز نے فوری طور پر پاکستان کرکٹ بورڈ کے حکام کو اس بارے میں آگاہ کردیا تھا۔

آئی سی سی نے اس معاملے پر تحقیقات کا آغاز کیا لیکن گزشتہ سال اکتوبر اور رواں سال فروی میں ہونے والے اجلاس میں عرفان نے اینٹی کرپشن یونٹ سے تعاون کرنے سے انکار کردیا جس کے بعد انہیں ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کا مرتکب قرار دیتے ہوئے چارج شیٹ جاری کردی گئی۔

آئی سی سی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ اپنے عہدے کی وجہ سے عرفان انصاری اس کوڈ کا حصہ ہیں کیونکہ وہ ایک ٹیم سے منسلک ہیں جو انٹرنیشنل میچز کھیلتی ہے اور ون اسٹاپ ٹورزم اور ملٹی پلیکس انٹرنیشنل ٹیموں کے کوچ ہیں جو متحدہ عرب امارات میں ڈومیسٹک میچز کھیلتی ہیں۔ انہیں آئی سی سی کے اینٹی کرپشن کوڈ کی تین شقوں کی خلاف ورزی پر عبوری طور پر معطل کیا گیا ہے جس کا اطلاق فوری طور پر ہو گا۔

معطلی کا سامنا کرنے والے عرفان انصاری 3 دہائیوں سے شارجہ کرکٹ کونسل کے ساتھ کام کر رہے ہیں اور شارجہ کرکٹ کے امور کے حوالے سے اہم شخصیت تصور کیے جاتے ہیں۔ وہ ال زید کرکٹ اسٹیڈیم کے انچارج بھی رہ چکے ہیں جہاں وہ ٹورنامنٹس کے انعقاد کے حوالے سے مدد کرتے تھے۔

وہ شارجہ کرکٹ کلب کے کوچ بھی رہ چکے ہیں لیکن گزشتہ سال انہیں عہدے سے برطرف کردیا گیا تھا جبکہ شارجہ میں ہونے والے رمضان ٹورنامنٹس میں بھی کافی متحرک رہے ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024