• KHI: Maghrib 5:42pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:00pm Isha 6:25pm
  • ISB: Maghrib 5:00pm Isha 6:28pm
  • KHI: Maghrib 5:42pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:00pm Isha 6:25pm
  • ISB: Maghrib 5:00pm Isha 6:28pm

شعیب ملک کا ورلڈ ٹی ٹوئنٹی 2020 کے بعد کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا ہدف

شائع May 9, 2018

پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شعیب ملک نے کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کے حوالے سے کہا ہے کہ انھوں نے ورلڈ ٹی ٹوئنٹی 2020 کو اپنے کریئر کے خاتمے کا ہدف بنایا ہے۔

شعیب ملک نے کیریبیئن پریمیئر لیگ (سی پی ایل) کو ایک انٹرویو کے دوران کہا کہ ‘میں ورلڈ ٹی ٹوئنٹی 2020 کھیلنا چاہتا ہوں اور ورلڈ کپ 2019 ایک روزہ کرکٹ کا آخری ورلڈ کپ ہوگا’۔

ان کا کہنا تھا کہ ‘میرے کیریئر میں یہ دو اہم اہداف ہیں اور اگر میں کارکردگی دکھاتا رہا تو پھر میں دونوں عالمی ٹورنامنٹ میں حصہ لینا چاہوں گا’۔

شعیب ملک ویسٹ انڈیز میں سی پی ایل 2018 میں حصہ لے رہے ہیں جہاں انھوں نے اپنی گزشتہ ٹیم کو چھوڑ دیا ہے۔

سابق کپتان گزشہ پانچ برس سے سی پی ایل کی ٹیم بارباڈوس ٹرائیڈینٹ کا حصہ تھے لیکن اس مرتبہ وہ گیانا ایمازون ویرئیرز کی جانب سے کھیلیں گے۔

خیال رہے کہ شعیب ملک نے 3 نومبر 2015 کو شارجہ میں انگلینڈ کے خلاف سیریز کے دوران ہی ٹیسٹ کرکٹ سے کنارہ کشی کا اعلان کردیا تھا۔

مزید پڑھیں:شعیب ملک ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائر

انھوں نے ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ میرے لیے میری فیملی سب سے پہلے ہے اور میری نظریں ورلڈ کپ 2019 پر مرکوز ہیں۔

شعیب ملک نے 34 ٹیسٹ میچوں میں پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے تین سنچریوں اور آٹھ نصف سنچریوں کی مدد سے ایک ہزار 860 رنز بنائے اور 25 کھلاڑیوں کو اپنی اسپن باؤلنگ کا نشانہ بنایا۔

شعیب ملک نے اپنے کیرئر کا آغاز 14 اکتوبر 1999 کو ویسٹ انڈیز کے خلاف ایک روزہ میچ سے کیا اور اب تک 252 میچ کھیلے ہیں۔

انھوں نے اب تک ایک روزہ کیریئر میں 9 سنچریوں اور 39 نصف سنچریوں کی مدد سے 6 ہزار 765 رنز اور 153 وکٹیں حاص کی ہیں۔

شعیب ملک نے 28 اگست 2006 کو انگلینڈ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی کیریئر شروع کیا اور اب تک 89 میچوں میں ایک ہزار 753 رنز اور 25 وکٹیں حاصل کر چکے ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 25 نومبر 2024
کارٹون : 24 نومبر 2024