• KHI: Zuhr 12:16pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 11:46am Asr 3:33pm
  • ISB: Zuhr 11:51am Asr 3:34pm
  • KHI: Zuhr 12:16pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 11:46am Asr 3:33pm
  • ISB: Zuhr 11:51am Asr 3:34pm

مولانا عبدالعزیز لال مسجد میں خطبے کا دوبارہ آغاز کریں گے

شائع May 8, 2018

اسلام آباد: لال مسجد کے خطیب مولانا عبدالعزیز نے 2007 کے آپریشن کے 11 سال بعد مسجد کا منبر و محراب دوبارہ سنبھالنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

شہدا فاؤنڈیشن آف پاکستان کے رہنما حافظ احتشام احمد کی جانب سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق خطیب لال مسجد مولانا عبدالعزیز غازی 11 مئی کو لال مسجد اسلام آباد جائیں گے اور وہاں جمعہ کے اجتماع سے خطاب کریں گے۔

انہوں نے بتایا کہ خطیب لال مسجد مولانا عبدالعزیز غازی تقریبا ساڑھے 4 سال بعد لال مسجد میں داخل ہوں گے۔

خیال رہے کہ اس سے قبل چوبیس دسمبر 2014 کو مولانا عبدالعزیز غازی نے لال مسجد میں نماز جمعہ کے اجتماع سے خطاب کیا تھا۔

بیان میں کہا گیا کہ ’امید ہے کہ حکومت اور وفاقی انتظامیہ خطیب لال مسجد مولانا عبدالعزیز کے لال مسجد جانے پر کوئی رکاوٹ کھڑی نہیں کرے گی‘۔

انہوں نے کہا کہ مولانا عبدالعزیز غازی پر اب کوئی مقدمہ نہیں اور وہ لال مسجد کے آئینی و قانونی خطیب ہیں جبکہ ساڑھے 4 سال تک انہیں لال مسجد جانے سے روکنا خلاف آئین و قانون تھا۔

یاد رہے کہ سابق صدر پرویز مشرف کے دور میں لال مسجد میں آپریشن 3 جولائی 2007 کو مبینہ طور پر مسجد کی سیکیورٹی پر مامور پاکستان رینجرز کے اہلکار کے قتل کے بعد شروع کیا گیا تھا۔

چند روز کے محاصرے کے بعد مسجد میں موجود افراد کی تصاویر ڈرون کیمرے کی مدد سے حاصل کی گئی تھیں، جبکہ مسجد میں موجود خواتین نے جامعہ حفصہ کے بینر تلے بچوں کی لائبریری میں خود کو محفوظ کرلیا تھا۔

جس کے بعد آرمی کمانڈوز کی جانب سے مسجد میں آپریشن کا آغاز کیا گیا تھا جو 11 جولائی کو مکمل ہوا تھا۔

خیال رہے کہ اس سے قبل 24 مارچ 2017 کو وفاقی دارالحکومت کی انتظامیہ نے اپنی رِٹ قائم کرتے ہوئے مولانا عبدالعزیز کو لال مسجد میں اجتماع منعقد کرنے سے روک دیا تھا۔

مولانا عبدالعزیز نے سوشل میڈیا پر گستاخانہ مواد کی اشاعت کے خلاف لال مسجد میں اس دن ایک کانفرنس کے انعقاد کا اعلان کیا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 4 نومبر 2024
کارٹون : 3 نومبر 2024