• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

عمر اکمل کا نیا تنازع، وقار یونس پر الزامات لگا دیے

شائع May 7, 2018

پاکستانی بلے باز عمر اکمل اپنی بیٹنگ کی وجہ سے تو کم ہی شہ سرخیوں میں رہتے ہیں لیکن تنازعات کے سبب خبروں کی زینت بننے کا فن بخوبی جانتے ہیں اور اب انہوں نے سابق کوچ وقار یونس پر الزامات لگا کر نیا پنڈورا باکس کھول دیا ہے۔

پاکستان کپ میں خیبر پختونخوا کی نمائندگی کرنے والے عمر اکمل قومی ٹیم میں جگہ بنانے کے خواہشمند ہیں لیکن ڈومیسٹک سطح پر مستقل ناکامی سے دوچار ہوئے جس کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ حالیہ پاکستان کپ کے 5 میچوں میں انہوں نے صرف 72 رنز بنائے۔

فائنل میں خیبرپختونخوا کی ٹیم مشکلات سے دوچار تھی اور انہیں عمر اکمل کی جانب سے ایک اچھی اننگز کی اشد ضرورت تھی لیکن مڈل آرڈر بلے باز صرف ایک رن بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

خراب کارکردگی کے باوجود عمر اکمل کی شعلہ بیانی کا سلسلہ ختم نہیں ہو رہا اور ایونٹ کے فائنل کے دوران گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے سابق کوچ وقار یونس پر الزامات عائد کیے۔

مزید پڑھیں: عمر اکمل کی تصویر پر سہواگ کو مذاق سوجھ گیا

انہوں نے کہا کہ مجھے ٹیسٹ میچوں میں وکٹ کیپنگ کرنے کا کہا گیا لیکن میں نے اس سے انکار کردیا حالانکہ میں گزشتہ 3 سے 4 سال سے محدود اوورز کی کرکٹ میں وکٹ کیپنگ کی ذمے داریاں انجام دے رہا تھا۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت کے کوچ وقار یونس نے مجھ سے ٹیسٹ میچوں میں وکٹ کیپنگ کے لیے کہا لیکن میں نے انکار کردیا کیونکہ آگے دبئی میں سیریز تھی جہاں مصباح الحق 3 اسپنرز اور ایک فاسٹ باؤلر کھلاتے تھے۔

عمر اکمل نے کہا کہ میرا ماننا تھا کہ ان کنڈیشنز میں وکٹ کیپنگ کرنے سے میری بلے سے کارکردگی متاثر ہو سکتی تھی لیکن وقار یونس کو میری بات بری لگ گئی۔

انہوں نے کہا کہ مجھے آج بھی وقار یونس کے الفاظ یاد ہیں اور انہوں نے کہا کہ میں دیکھتا ہوں کہ مستقبل میں تمہیں کون کرکٹ کھلاتا ہے جس کے بعد میں نے ان سے درخواست کی کہ میں پاکستان کے لیے کھیلنا چاہتا ہوں۔

یہ بھی پڑھیں: آرتھر نے انضمام کے سامنے میری تذلیل کی:عمراکمل

یہ پہلا موقع نہیں کہ عمر اکمل نے کوئی متنازع بیان دیا ہو یا کسی تنازع کا شکار ہوئے ہوں بلکہ اس سے قبل بھی وہ ٹریفک وارڈن سے جھگڑے کے ساتھ ساتھ موجودہ کوچ مکی آرتھر پر الزامات بھی عائد کر چکے ہیں۔

عمر اکمل نے گزشتہ سال لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مکی آرتھر پر الزام لگاتے ہوئے کہا تھا کہ 'جب میں مکی آرتھر کے پاس جاتا ہوں تو وہ مجھے ڈانٹنے لگ جاتے ہیں، وہ انضمام کے کمرے میں میری تذلیل کرتے ہیں اور مجھے غلط الفاظ استعمال کرتے ہیں جو میرے لیے دردکا باعث ہیں، میں پاکستان کا کھلاڑی ہوں بغیر غلطی کے کوئی بھی اٹھ کے مجھے گالیاں دے تو میرے لیے شرم کی بات ہے'۔

مکی آرتھر نے عمر اکمل کے الزامات کو مسترد کردیا تھا جبکہ پی سی بی نے مذکورہ بیان پر عمر اکمل کو شوکاز نوٹس جاری کیا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024