اٹک میں حساس ادارے کی بس پر خودکش حملہ، 2 افراد جاں بحق
اٹک میں بسال روڈ پر ڈھوک گاما کے مقام کے قریب حساس ادارے کی بس پر خودکش حملے کے نتیجے میں 2 افراد ہلاک اور 13 زخمی ہوگئے۔
پولیس ذرائع کے مطابق ابتدائی تحقیقات کے مطابق دھماکا خودکش تھا جس میں پاکستان اٹامک انرجی کمیشن کی بس کو نشانہ بنایا گیا۔
دھماکے میں بس ڈرائیور اور قریب سے گزرنے والا راہگیر جاں بحق ہوئے، جبکہ حملہ آور بھی دھماکے کی زد میں آکر ہلاک ہوا۔
دھماکے کے فوری بعد حساس اداروں اور پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔
اٹک پولیس کا کہنا تھا کہ دھماکے میں اٹامک انرجی کمیشن کے 13 ملازم زخمی بھی ہوئے۔
مزید پڑھیں: کوئٹہ میں خودکش دھماکا: پولیس اہلکار سمیت 7 افراد جاں بحق
ایم ایس خالد سلطان کا کہنا تھا کہ دھماکے کے دو شدید زخمیوں کو ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرز ہسپتال (ڈی ایچ کیو) ہسپتال منتقل کر دیا گیا، باقی زخمیوں کا علاج سول ہسپتال اٹک میں جاری ہے، جبکہ ہسپتال میں ایمرجنسی بھی نافذ کر دی گئی ہے۔
ایمرجنسی افسر اٹک ڈاکٹر اشفاق نے کہا کہ بس پر خودکش حملے سے قبل فائرنگ بھی کی گئی، بس اسپیڈ بریکر عبور کرنے کے لیے آہستہ ہوئی تو حملہ آور کی طرف سے فائرنگ کی گئی۔
انہوں نے کہا کہ فائرنگ کے بعد ڈرائیور نے بس سے اتر کو فائرنگ کرنے والے شخص کو پکڑنے کی کوشش کی جس دوران حملہ آور نے خودکش دھماکہ کیا۔