• KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:54am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:20am Sunrise 6:47am
  • KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:54am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:20am Sunrise 6:47am

خواتین سے متعلق تضحیک آمیز بیان: رانا ثناء اللہ نے معافی مانگ لی

شائع May 3, 2018

لاہور: صوبائی وزیر قانون اور پاکستان مسلم لیگ(ن) کے رہنما رانا ثناء اللہ نے خواتین سے متعلق نازیبا زبان استعمال کرنے پر معافی مانگ لی۔

اپنے ایک بیان میں رانا ثناء اللہ نے کہا کہ خواتین کے بارے میں جو الفاظ استعمال کیے وہ واپس لیتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ سب کی مائیں، بہنیں سانجھی ہوتی ہیں اور میرے بیان کا مقصد کسی کی تضحیک کرنا نہیں تھا۔

مزید پڑھیں: قومی اسمبلی میں رانا ثنااللہ کے خلاف قرار داد مذمت متفقہ منظور

یاد رہے کہ 29 اپریل کو لاہور میں مینار پاکستان پر پاکستان تحریک انصاف کے جلسے کے بعد پنجاب اسمبلی کے باہر میڈیا نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ نے جلسے میں شریک خواتین سے متعلق نازیبا الفاظ استعمال کیے تھے۔

رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ ’جن خواتین نے پی ٹی آئی کے جلسے میں شرکت کی وہ کسی معزز گھرانے سے نہیں تھیں کیونکہ ان کے رقص کے انداز سے واضح ہوتا ہے کہ وہ اصل میں کہاں سے ہیں؟‘

اس بیان کے بعد چیئرمین پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) عمران خان نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ٹوئٹ میں کہا تھا کہ ’رانا ثناء اللہ اور دوسرے کردار، شریفوں کی ذہنیت اور ان کی نظر میں خواتین کے مقام و حرمت کی عکاسی کرتے ہیں‘۔

عمران خان کے علاوہ پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے سینیٹر اور سیکریٹری اطلاعات مولا بخشن چانڈیو نے رانا ثناء اللہ کے بیان پر انہیں تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا تھا کہ ’بہت ہوگیا، اب خواتین کی تذلیل مزید برداشت نہیں کی جائے گی‘۔

اس کے علاوہ پی ٹی آئی کی رہنما شیریں مزاری کی جانب سے رانا ثناء اللہ کے بیان پر قومی اسمبلی میں قرار داد مذمت جمع کرائی تھی، جسے متفقہ طور پر منظور کرلیا گیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: پنجاب حکومت کی پی ٹی آئی خواتین کے خلاف نازیبا الفاظ کی مذمت

قبل ازیں صوبائی وزیر قانون اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما رانا ثناء اللہ کے خواتین سے متعلق نازیبا الفاظ کے خلاف پنجاب اسمبلی میں ایک اور مذمتی قرارداد جمع کرائی گئی تھی۔

دوسری جانب وزیر قانون پنجاب رانا ثنا اللہ نے اپنے بیان پر ہونے والی تنقید پر رد عمل دیتے ہوئے کہا تھا کہ میں عمومی بات کررہا تھا جس کو ذاتی طور پر نشانہ نہیں بنایا اور جلسے کا 2011 کے جلسے سے موازنہ کررہا تھا۔

وزیرقانون پنجاب نے کہا کہ عمران خان پہلے عائشہ گلالئی کے بیان پر آکر معافی مانگ لیں تو میں بھی اپنے بیان پر معذرت کر لوں گا۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024