• KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm

کیا آصف زرداری اتنے بھولے تھے جو میرے بہکاوے میں آگئے؟نواز شریف

شائع May 1, 2018

سابق وزیر اعظم اور مسلم لیگ (ن) کے تاحیات قائد نواز شریف نے سابق صدر و پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کے اپنے متعلق بیان کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ کیا آصف زرداری اتنے بھولے تھے جو میرے بہکاوے میں آگئے؟

نواز شریف نے آصف علی زرداری کے حالیہ بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اینٹ سے اینٹ بجانے کے بیان پر آصف زرداری کو ناپسندیدگی کا پیغام بھیجا تھا، بیان کے اگلے روز انہوں نے آصف زرداری سے طے شدہ ملاقات بھی منسوخ کر دی تھی، اس لیے سابق صدر کا یہ کہنا درست نہیں ہے کہ انہوں نے یہ بیان میرے کہنا پر دیا تھا۔

انہوں نے سوال کیا کہ آصف زرداری کیا اتنے بھولے اور معصوم تھے کہ میرے ورغلانے پر بیان دے دیا؟ اگر ایسا ہی تھا تو انہوں نے تین سال تک خاموشی کیوں اختیار کیے رکھی؟‘

نواز شریف کا کہنا تھا کہ آصف زرداری نے پرویز مشرف کے مواخذے اور ججوں کی بحالی پر زور دیا جبکہ وہ پرویز مشرف کے تمام اقدمات کی پارلیمانی توثیق چاہتے تھے لیکن میں نے اس سے صاف انکار کر دیا تھا، آصف زرداری نے تحریری معاہدوں سے انحراف کیا اور کہا کہ یہ معاہدے قرآن و حدیث نہیں ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: ’نواز شریف اب اپنی غلطیاں مان رہے ہیں لیکن ان پر اعتبار نہیں‘

سابق وزیر اعظم نے کہا کہ ’ڈاکٹر عاصم سمیت سندھ میں نیب کی دیگر کارروائیاں وفاقی حکومت نہیں بلکہ اس وقت کے ڈی جی رینجرز سندھ کے کہنے پر کی گئی تھیں، جن سے میرا یا وفاقی حکومت کا کوئی تعلق نہیں تھا۔‘

انہوں نے کہا کہ ’آصف زرداری کا حالیہ بیان قومی جماعت کی قیادت کرنے والے کے شایان شان نہیں، وہ اپنا وزن کسی اور کے پلڑے میں ڈالنا چاہتے ہیں تو شوق سے ڈالیں لیکن کیچڑ اچھالنے اور تاریخ کو مسخ کرنے سے گریز کریں۔‘

ان کا کہنا تھا کہ ’اب پاکستان کے عوام اپنے ووٹ کی عزت چاہتے ہیں، عوام پس پردہ سازشوں اور تماشوں سے عاجز آچکے ہیں، یہی وجہ ہے کہ پیپلز پارٹی دیہی سندھ تک سکڑ چکی ہے، آصف زرداری نے یہ تو بتا دیا کہ وہ ماضی میں میرے اشاروں پر چل رہے تھے اب یہ بھی بتا دیں کہ آج وہ کس کے اشاروں پر کٹھ پتلی بنے ہیں۔‘

نواز شریف نے کہا کہ ’آصف زرداری پہلے اگر میری زبان بول رہے تھے تو آج بہادری دکھا کر بتائیں کہ اب کس کی زبان بول رہے ہیں، بہتر ہوگا کہ آصف زرداری ذاتی الزام تراشیوں کا دفتر نہ کھولیں اور اپنی توجہ انتخابات پر مرکوز رکھتے ہوئے نوشتہ دیوار پڑھنے کی کوشش کریں۔‘

ویڈیو دیکھیں: نواز شریف کے ساتھ جنت میں بھی نہیں جانا، آصف علی زرداری

واضح رہے کہ دو روز قبل میڈیا کے ایک حصے نے آصف زرداری کے حوالے سے بیان جاری کیا تھا کہ سابق صدر نے نواز شریف کو ان کی سوچ سے زیادہ دھوکے باز اور موقع پرست قرار دیا۔

ایک روز بعد پیپلز پارٹی کے ترجمان نے کہا کہ آصف زرداری نے نواز شریف سے متعلق ایسا کوئی بیان جاری نہیں کیا۔

میڈیا رپورٹس میں آصف زرداری کے جون 2015 میں اسٹیبلشمنٹ کے خلاف بیان کا حوالہ دیتے ہوئے بھی کہا گیا کہ انہوں نے ایسا بیان نواز شریف کے ورغلانے پر دیا۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024