• KHI: Zuhr 12:32pm Asr 4:14pm
  • LHR: Zuhr 12:03pm Asr 3:28pm
  • ISB: Zuhr 12:08pm Asr 3:28pm
  • KHI: Zuhr 12:32pm Asr 4:14pm
  • LHR: Zuhr 12:03pm Asr 3:28pm
  • ISB: Zuhr 12:08pm Asr 3:28pm

’مزدور اللہ کا دوست، ملک کی قوت اور معاشرے کی شان‘

سابق وزیراعظم اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے تاحیات قائد نواز شریف نے مزدوروں کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ مزدور اللہ کا دوست، ملک کی قوت اور معاشرے کی شان ہے جبکہ مزدوروں اور محنت کشوں کی ترقی کے بغیر ملکی ترقی کے اہداف حاصل نہیں کیے جاسکتے۔

انہوں نے کہا کہ معاشرے کی حالت اس وقت تک نہیں بدل سکتی جب تک مزدور کی حالت نہ بدلی جائے، ان کا کہنا تھا کہ مزدور ملکی ترقی اور خوشحالی میں ریڑھ کی حیثیت رکھتے ہیں اور ان کی قوت ملک کو مضبوط بنانے میں فیصلہ کن کردار ادا کر سکتی ہے۔

سابق وزیراعظم نے کہا کہ مزدوروں کے لیے بہترین روزگار کی فراہمی، معیاری اجرت اور صحت و سماجی تحفظ کے لیے اپنی کاوشیں جاری رکھیں گے۔

مزید پڑھیں: مزدوروں کا عالمی دن: پاکستان کے مزدور اپنا حق حاصل کرنے میں ناکام

ان کا کہنا تھا کہ مزدور اپنے حقوق کی جدوجہد میں تنہا نہیں، مجھ سمیت پوری مسلم لیگ (ن) ان کے شانہ بشانہ رہے گی جبکہ مزدور جمہوری نظام کی مضبوطی میں متحرک کردار ادا کرکے معاشرے کی تقدیر بدل سکتے ہیں۔

انہوں نے حکومت پر زور دیا کہ وہ مزدوروں کے لیے سازگار ماحول کی فراہمی کو یقینی بنائے۔

کوئی جماعت مزدوروں کے حقوق کی بات نہیں کرتی، خورشید شاہ

دوسری جانب سکھر میں مزدوروں کے عالمی دن کے حوالے سے منعقدہ جلسے سے خطاب کرتے ہوئے قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر اور پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے رہنما خورشید شاہ نے کہا کہ کوئی جماعت مزدوروں کے حقوق اور ان کے بچوں کی تعلیم و صحت کی بات نہیں کرتی جبکہ مخالفین نے وعدہ کیا تھا کہ اقتدار میں آکر نجکاری نہیں کریں گے مگر وہ اداروں کی نجکاری کررہے ہیں۔

پی پی پی رہنما کا کہنا تھا کہ مزدوروں کو اب آپس کی منافقت چھوڑنا ہوگی اور ایک ہوکر اپنے حقوق کے لیے جدوجہد کرنا ہوگی۔

انہوں نے مزید کہا کہ ملک میں مزدوروں کی اجرت کی بات آتی ہے تو کہا جاتا ہے کہ خزانے میں پیسہ نہیں ہے اربوں روپے ہوتے ہوئے صرف 10 فیصد تنخواہیں بڑھائی جاتی ہیں موجودہ حکومت نے اب تک 5 سال میں صرف 30 فیصد تنخواہوں میں اضافہ کیا جبکہ پیپلزپارٹی نے اپنے دور حکومت میں ایک سو 25 فیصد تنخواہوں اور پنشن میں اضافہ کیا۔

یہ بھی پڑھیں: گوادر میں مزدوروں پر حملہ، فائرنگ سے 10 ہلاک

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی بھٹو کی جماعت ہے اور بھٹو قوم کے وہ واحد لیڈر تھے جنہوں نے اس ملک کے مزدور کو آواز دی اور بینظیر بھٹو نے اسٹاک کمیشن قائم کیا اور اس میں مزدوروں کو 12 فیصد کا شیئر دیا۔

خیال رہے کہ پاکستان سمیت دنیا بھر میں یکم مئی بروز منگل مزدوروں کا عالمی دن منایا گیا اور اس سلسلے میں ملکی سطح پر عام تعطیل کا اعلان کیا گیا تھا۔

تاہم جن لوگوں کے نام پر عام تعطیل کا اعلان کیا گیا وہ چھٹی کے اپنے اس بنیادی حق کے حوالے سے بھی لاعلم ہیں۔

عالمی سطح پر مزدوروں اور محنت کشوں کے حقوق اور ان کی ہمت افزائی کے لیے منائے جانے والے مزدوروں کے عالمی دن کے موقع پر پاکستان میں بیشتر مزدور اپنا حق حاصل کرنے میں ناکام ہیں۔

خیال رہے کہ امریکا کے شہر شکاگو سے مزدوروں کے حقوق کے لیے جنم لینے والی تحریک پوری دنیا میں جاری ہے لیکن پاکستان میں مزدور اپنے اس عالمی دن کے حوالے سے بے خبر ہیں۔

مزدور طبقہ مایوس ہے کہ بڑے بڑے دعوے کرنے والے سیاسی رہنما ان کی یومیہ اجرت مختص کرنے کے حوالے سے کچھ نہیں کر سکے تو وہ مزدوروں کو ان کے حقوق کیسے دلوائیں گے۔

کارٹون

کارٹون : 25 دسمبر 2024
کارٹون : 24 دسمبر 2024