پاکستان میں سیاحت میں 300 گنا اضافہ
سیکیورٹی صورتحال میں بہتری کے بعد گزشتہ چند سالوں کے دوران پاکستان میں سیاحت میں 300 گنا اضافہ ہوگیا ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا کہ صرف 2017 میں 17 لاکھ 50 ہزار سیاحوں نے پاکستان کا دورہ کیا۔
پاکستان ٹورزم ڈویلپمنٹ کارپوریشن (پی ٹی ڈی سی) کے اعداد و شمار کے مطابق ان سیاحوں میں سے 30 فیصد پاکستانی تھے۔
ورلڈ ٹریول اینڈ ٹورزم کونسل (ڈبلیو ٹی ٹی سی) کے مطابق گزشتہ سال سیاحت سے حاصل ہونے والی آمدنی نے پاکستان کی معیشت میں تقریباً 19 ارب 40 کروڑ ڈالر کا اضافہ کیا جو مجموعی ملکی پیداوار کا 6.9 فیصد رہا۔
ساتھ ہی ’ڈبلیو ٹی ٹی سی‘ نے ایک دہائی کے عرصے میں یہ آمدنی بڑھ کر 36 ارب 10 کروڑ ڈالر ہونے کی توقع بھی ظاہر کی۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان میں فروغ پاتی مقامی سیاحت
سیاحت میں سالانہ اضافے کے علاوہ ملک میں کاروباری سفر کرنے والوں کی تعداد میں بھی کئی گنا اضافہ ہوا ہے۔
سیاحت اور سفر میں تیزی سے اضافے کا بڑا سہرا انٹرنیٹ کے ذریعے مختلف سیاحتی مراکز کی تشہیر کو جاتا ہے۔
پی ٹی ڈی سی کے منیجنگ ڈائریکٹر چوہدری عبدالغفور نے سرکاری خبر رساں ایجنسی ’اے پی پی‘ کو بتایا کہ ’حکومت ملک میں سیاحت کو فروغ دینے اور پی ٹی ڈی سی کو مالی طور پر مستحکم ادارہ بنانے کی کوششیں کر رہی ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’پی ٹی ڈی سی اور یونیورسٹی آف منیجمنٹ اینڈ ٹیکنالوجی (یو ایم ٹی) لاہور کے درمیان ٹورزم ڈیپارٹمنٹ کی تشہیر کی اسپانسرشپ کے لیے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط ہوچکے ہیں۔‘
مزید پڑھیں: پاکستان کی سیاحت کے شعبے میں ترقی
پی ٹی ڈی سی کی مصنوعات اور خدمات کی سوشل میڈیا کے ذریعے بھی تشہیر کی جائے گی۔
پاکستان ٹورزم ڈویلپمنٹ کارپوریشن نے حال ہی میں ’پاکستان ٹورزم فرینڈز کلب‘ کا بھی آغاز کیا ہے جس کے ذریعے اس کے اراکین پی ٹی ڈی سی کی سہولیات پر 20 فیصد کا خصوصی ڈسکاؤنٹ حاصل کر سکیں گے۔
تبصرے (1) بند ہیں