’پرواز ہے جنون‘ کا دنیا کو فتح کرنے والا ’حیدر‘
پاکستان کی آنے والی ایکشن فلم ’پرواز ہے جنون‘ کا شائقین کو بے حد انتظار ہے، جس کا پہلا ٹیزر ٹریلر 5 دن قبل جاری کیا گیا تھا، جس میں فلم کی بہت ساری کاسٹ کو دکھایا ہی نہیں گیا تھا۔
پہلے ٹیزر میں صرف حمزہ علی عباسی کو دکھایا گیا تھا۔
تاہم اب اس فلم کا دوسرا ٹیزر ٹریلر جاری کردیا گیا، جس میں فلم کے مزید نئے کرداروں کو برف سے ڈھکے پہاڑوں پر دشمن کا مقابلہ کرنے کے لیے تیاریاں کرتے اور تربیت لیتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔
ایک منٹ سے بھی کم دورانیے کے ٹیزر ٹریلر میں ’پرواز ہے جنون‘ کے مرکزی کرداروں احد رضا میر اور ہانیہ عامر کو دکھایا گیا ہے، جنہیں پہلے ٹیزر میں نظر انداز کردیا گیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: 'پرواز ہے جنون' کا پہلا ٹیزر سامنے آگیا
ٹریلر کے آغاز میں ہی احد رضا میر جو فلم میں ’حیدر‘ کا کردار ادا کرتے نظر آئیں گے وہ برف سے ڈھکے پہاڑوں پر کھڑے ہوکر کہتے نظر آتے ہیں کہ وہ دنیا کو فتح کرنا چاہتے ہیں اور انہیں کوئی بھی روک نہیں سکتا، انہیں کوئی شکست نہیں دے سکتا۔
ٹیزر میں احد رضا میر اور ہانیہ عامر کو دیگر اداکاروں کے ساتھ برف کی چادر اوڑھے پہاڑوں پر کلائمبنگ کرتے ہوئے بھی دکھایا گیا ہے۔
پہلے اور دوسرے ٹیزر کو دیکھ کر فلم کی کہانی کو سمجھنا ممکن ہی نہیں، کیوں کہ دونوں ٹیزرز میں مرکزی اداکاروں کو الگ الگ مقامات اور تربیت لیتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔
یہ سمجھنا مشکل ہے کہ فلم کے مرکزی کاسٹ کیسے اور کس وقت ایک ساتھ ہوگی۔
خیال رہے کہ پاک فضائیہ کی مشترکہ پروڈکشن کے ساتھ بنائی جانے والی اس فلم میں شوبز کاسٹ کے ساتھ ساتھ پاک فضائیہ سے تعلق رکھنے والی شخصیات اور پائلٹس کو بھی دکھایا جائے گا۔
مزید پڑھیں: عثمان خالد بٹ 'پرواز ہے جنون' سے باہر
فلم کو فرحت اشتیاق نے تحریر کیا ہے جبکہ دیار دل، من مائل اور دیگر متعدد ہٹ ٹی وی ڈراموں کے ڈائریکٹر حسیب حسن پہلی بار کسی فلم کی ہدایات دے رہے ہیں۔
اس فلم میں عثمان خالد بھٹ کو بھی کاسٹ کیا گیا تھا تاہم بعدازاں فلم کی کاسٹ تبدیل کردی گئی اور ان کی جگہ احد رضا میر کو کاسٹ کیا گیا۔
فلم کی کہانی پاکستان ایئر فورس کے جوانوں اور ان کے ساتھ دوران ملازمت پیش آنے والے مسائل کے گرد گھومتی ہے۔
اگرچہ فلم کی کہانی فکشن پر مبنی ہے، تاہم اسے متعدد پاک فضائیہ کے افسران کو نظر میں رکھ کر بنایا گیا ہے۔
فلم کی دیگر کاسٹ میں شمعون علی عباسی، شاز خان اور کبریٰ خان سمیت دیگر شامل ہیں۔
فلم کو رواں برس عیدالفطر کے موقع پر ریلیز کیا جائے گا۔