• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

علی ظفر نے میشا شفیع کو 100 کروڑ ہرجانے کا نوٹس بھجوا دیا

شائع April 23, 2018 اپ ڈیٹ April 25, 2018

پاکستانی گلوکار و اداکار علی ظفر نے خود پر جنسی طور پر ہراساں کرنے کا الزام لگانے والی ادکارہ و گلوکارہ میشا شفیع کو ہرجانے کا قانونی نوٹس بھجوا دیا۔

خیال رہے کہ 19 اپریل کو میشا شفیع نے اپنی ٹوئیٹ کے ذریعے الزام عائد کیا کہ انہیں ساتھی گلوکار علی ظفر نے متعدد بار ایسے وقت میں جنسی طور پر ہراساں کیا، جب وہ خود کفیل اور معروف گلوکارہ و اداکارہ بن چکی تھیں۔

میشا شفیع کا کہنا تھا کہ علی ظفر نے انہیں اس وقت نشانہ بنایا، جب وہ 2 بچوں کی ماں بن چکی تھیں۔

گلوکارہ کا کہنا تھا کہ انہوں نے اپنے ساتھ ہونے والی ناانصافی پر کئی سال تک خاموشی اختیار کی، تاہم اب ان کے صبر کا پیمانہ لبریز ہوچکا ہے، جس وجہ سے وہ اس معاملے کو سامنے لا رہی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: جنسی ہراساں کرنے کا الزام،علی ظفر نے میشا شفیع کو جھوٹاقرار دیدیا

میشا شفیع کی جانب سے الزامات عائد کیے جانے کے بعد علی ظفر نے تمام الزامات کو جھوٹا قرار دیتے ہوئے ان کے خلاف عدالت میں جانے کا اعلان کیا تھا۔

علی ظفر کا کہنا تھا کہ انہیں عورتوں کو ہراساں کرنے کے خلاف جاری مہم ’می ٹو‘ کا پتہ ہے اور انہیں اندازہ ہے کہ وہ کیوں اور کس لیے ہے۔

ساتھ ہی انہوں نے کہا تھا کہ وہ شادی شدہ اور جواں سالہ بیٹی اور بیٹے کے والد ہیں اور انہیں خواتین کی اہمیت و عزت کا اندازہ ہے۔

اب علی ظفر نے میشا شفیع کو جھوٹا الزام لگانے کے خلاف ہرجانے کا قانونی نوٹس بھجوادیا۔

ڈان نیوز کے مطابق علی ظفر نے اپنے وکلاء کے ذریعے میشا شفیع کو 100 کروڑ روپے ہرجانے کا نوٹس بھجوادیا، تاہم ابھی اس بات کی تصدیق نہیں ہوسکی کہ نوٹس گلوکارہ کو موصول ہوا ہے یا نہیں؟

مزید پڑھیں: میشا شفیع اور علی ظفر تنازع پر شوبزشخصیات کا ردعمل

ڈان نیوز سے بات کرتے ہوئے علی ظفر کا کہنا تھا کہ میشا شفیع نے اب پر بے بنیاد الزامات عائد کیے اور ان کی جانب سے ہراساں کیے جانے کا دعویٰ بھی بے بنیاد ہے۔

ذرائع کے مطابق ہرجانے کے نوٹس میں میشا شفیع کو کہا گیا ہے کہ وہ گلوکار سے 2 ہفتوں کے اندر میڈیا کے سامنے آکر معافی مانگیں ورنہ ان کے خلاف عدالت میں ہرجانے کا مقدمہ دائر کیا جائے گا۔

خیال رہے کہ میشا شفیع کے بعد معروف گلوکارہ مومنہ مستحسن اور اداکارہ عائشہ عمر نے بھی انکشاف کیا تھا کہ انہیں بھی انٹرٹینمنٹ انڈسٹری میں ہراساں کیا گیا۔

تاہم ان دونوں اداکاراؤں نے یہ نہیں بتایا تھا کہ انہیں کن افراد نے ہراساں کیا۔

پاکستانی شوبز انڈسٹری میں خواتین کو ہراساں کیے جانے کی خبریں سامنے آنے کے بعد شوبز شخصیات کی رائے بھی تقسیم نظر آتی ہے، کچھ لوگ خواتین کی حمایت تو کچھ لوگ الزام میں آنے والے افراد کی حمایت کر رہے ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024