• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:14am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:41am Sunrise 7:10am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:14am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:41am Sunrise 7:10am

کوئٹہ میں فائرنگ، ہزارہ برادری کے دو افراد جاں بحق

شائع April 22, 2018

صوبہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ کے مغربی بائی پاس کے علاقے میں فائرنگ کے نتیجے میں دو افراد ہلاک اور ایک زخمی ہوگیا۔

پولیس کے مطابق نامعلوم ملزمان نے مغربی بائی پاس کے علاقے میں فائرنگ کرکے دو افراد محمد علی اور محمد زمان کو قتل کردیا جبکہ واقعے میں ایک راہ گیر زخمی بھی ہوا۔

پولیس کا کہنا تھا کہ مقتولین کا تعلق ہزارہ برادری سے ہے اور بظاہر یہ فائرنگ کا واقعہ ٹارگٹ کلنگ معلوم ہوتا ہے۔

مزید پڑھیں: کوئٹہ: فائرنگ سے ہزارہ برادری کے افراد سمیت 5 جاں بحق

پولیس نے زخمی شخص کو طبی امداد کے لیے کوئٹہ کے بولان میڈیکل کمپلکس ہسپتال منتقل کیا۔

انہوں نے بتایا کہ واقعے کے بعد ملزمان جائے وقوع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

واقعے کے بعد پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار جائے وقوع پر پہنچے اور تحقیقات کا آغاز کردیا۔

خیال رہے کہ یکم اپریل کو کوئٹہ کے علاقے کندھاری بازار میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے ہزارہ برادری سے تعلق رکھنے والا ایک فرد جاں بحق اور دوسرا زخمی ہوگیا تھا۔

5 مارچ کو ہزارہ برادری سے تعلق رکھنے والے ایک شخص کو نامعلوم افراد نے کوئٹہ کے علی بھائی روڈ پر فائرنگ کرکے قتل کردیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: کوئٹہ:ہزارہ برادری کے 4 افراد قتل

یاد رہے کہ گزشتہ سال 4 جون کو کوئٹہ کے علاقے سپینی روڑ پر نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے ہزارہ برادری سے تعلق رکھنے والی ایک خاتون سمیت دو افراد جاں بحق ہوگئے تھے جبکہ 19 جولائی کو بلوچستان کے علاقے مستونگ میں فائرنگ سے 4 افراد کو ہلاک کیا گیا تھا۔

صوبہ بلوچستان میں مختلف کالعدم تنظیمیں، سیکیورٹی فورسز اور پولیس اہلکاروں پر حملوں میں ملوث رہی ہیں جبکہ گذشتہ ایک دہائی سے صوبے میں فرقہ وارانہ قتل و غارت میں اضافہ ہوا ہے۔

صوبے میں گذشتہ 15 برسوں کے دوران اقلیتی برادری کو نشانہ بنائے جانے کے ایک ہزار 400 سے زائد واقعات پیش آچکے ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024