’ووٹ کو عزت دو‘ کے نعرے کے ساتھ انتخابات میں جائیں گے،وزیر اعظم
وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) آئندہ عام انتخابات میں اپنی انتخابی مہم کے دوران ’ووٹ کو عزت دو‘ کے نعرے کو آگے لے کر بڑھے گی۔
لندن میں سابق وزیر اعظم نواز شریف اور سابق وزیر خزانہ اسحٰق ڈار سے ملاقات کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ ’کوئی بھی شخص ایسا نہیں ہوگا جو ووٹ کی حرمت کی مخالفت کرے۔‘
انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) الیکشن لڑے گی بھی اور کامیاب بھی ہوگی۔
مسلم لیگ (ن) کے تاحیات قائد نواز شریف سے متعلق کہا کہ ’نواز شریف وطن واپس جائیں گے، حاضری سے استثنیٰ نہ ملنا عدالتی فیصلہ ہے، اس حوالے سے عدالتوں سے پوچھا جائے۔‘
مزید پڑھیں: استثنیٰ کی درخواست مسترد ہونے کے بعد نواز شریف کی وطن واپسی کا امکان
ایک سوال کے جواب میں شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ ’نگراں وزیر اعظم کے نام کا فیصلہ میں اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ مشاورت سے کریں گے۔
شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ ’بجٹ کی تیاری میرے مشیر برائے خزانہ، محصولات و اقتصادی امور ڈویژن مفتاح اسمٰعیل کی ذمہ داری ہے جو اپنی ذمہ داری ادا کر رہے ہیں۔‘
قبل ازیں نواز شریف کی زیر صدارت لندن میں اہم مشاورتی اجلاس ہوا جس میں وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی، اسحاق ڈار اور نواز شریف کے دونوں بیٹوں حسن اور حسین نواز نے شرکت کی۔
یہ بھی پڑھیں: نگراں وزیراعظم کے نام لیک، تحریک انصاف اور پیپلز پارٹی میں لفظی تکرار
حسین نواز کے دفتر میں منعقدہ اہم اجلاس میں ملکی سیاسی صورتحال، نگراں حکومت کے قیام، پارٹی امور اور عدالتی پیشیوں سے متعلق غور کیا گیا۔
بیگم کلثوم نواز کی صحت سے متعلق بھی معاملات اور عدالتی استثنیٰ نہ ملنے پر بھی بات چیت کی گئی۔












لائیو ٹی وی