• KHI: Zuhr 12:19pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:50am Asr 3:23pm
  • ISB: Zuhr 11:55am Asr 3:23pm
  • KHI: Zuhr 12:19pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:50am Asr 3:23pm
  • ISB: Zuhr 11:55am Asr 3:23pm

نئے اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کا افتتاح ایک مرتبہ پھر تاخیر کا شکار

شائع April 19, 2018

راولپنڈی: اسلام آباد میں تعمیر کیے گئے نئے ایئرپورٹ کے افتتاح سے متعلق اعلان کردہ شیڈول کے بعد آخری لمحات میں انٹرنیشنل ایئر پورٹ کا افتتاح ایک مرتبہ پھر تاخیر کا شکار ہوگیا۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق سول ایویشن اتھارٹی (سی اے اے) کا کہنا ہے کہ ہوائی اڈا آئندہ ماہ 3 مئی سے فعال ہوجائے گا کیونکہ وزیراعظم کے مشیر ہوا بازی سردار مہتاب احمد چاہتے ہیں کہ مکمل اعتماد حاصل کرنے کے لیے نئے ایئرپورٹ میں نصب نظام اور آلات کی مزید ٹیسٹنگ کی جائے۔

سردار مہتاب احمد نے اپنے ان خدشات کا اظہار 18 اپریل کو ایئرپورٹ کا دورہ کرنے کے بعد کیا۔

مزید پڑھیں: سیکیورٹی خدشات کے باوجود اسلام آباد ایئرپورٹ میں سرگرمیوں کا آغاز

خیال رہے کہ 105 ارب روپے کی لاگت سے تیار ہونے والے اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کو رواں ماہ 20 اپریل سے اپنے کام کا آغاز کرنا تھا۔

سی اے اے کے ترجمان کا کہنا ہے کہ اسٹیٹ آف دی آرٹ نظام اور آلات کو مزید ٹیسٹ کرنے کی ضرورت ہے تاکہ اس کو بین الاقوامی معیار کے مطابق لایا جاسکے۔

سی اے اے کی جانب سے دوبارہ شیڈول کے حوالے سے اعلان کے بعد سی اے اے ہیڈکوارٹرز سے ایک نیا نوٹم (ہوا بازوں کے لیے نوٹس) جاری کیا جس میں کہا گیا کہ اسلام آباد کا نیا انٹرنیشنل ایئرپورٹ 3 مئی 2018 سے فعال ہوجائے گا۔

یہ بھی پڑھیں: نئے اسلام آباد ائیرپورٹ پر پہلی آزمائشی پرواز لینڈ کر گئی

اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی خصوصیات کے بارے میں میڈیا نمائندوں کو بریفنگ دیتے ہوئے سی اے اے کے ڈائریکٹر میڈیا کورآڈینیٹر سید عامر محمود نے کہا کہ وفاقی دارالحکومت کا نیا ایئرپورٹ میں سالانہ بنیادوں پر 90 لاکھ مسافروں اور 50 ہزار ٹن کے سامان ہینڈل کرنے کی صلاحیت موجود ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ 2025 تک اس ایئرپورٹ میں مزید توسیع کردی جائے گی جس کے بعد یہ 2 کروڑ 50 لاکھ مسافروں کی خدمت کرنے کی صلاحیت کا حامل ہوجائے گا۔

انہوں نے کہا کہ نیا ایئرپورٹ ملک کی ہوابازی کا مرکز بن جائے گا، جبکہ اس سے ملکی تجارت اور معیشت میں بھی اضافہ ہوگا، علاوہ ازیں اس سے ملک میں ملازمت کے نئے مواقع بھی ملیں گے۔

مزید پڑھیں: نئے اسلام آباد ائیرپورٹ پر پہلی آزمائشی پرواز لینڈ کر گئی

انہوں نے بتایا کہ مسافروں کو تمام سہولیات مہیا کی گئی ہیں جبکہ عوام کی مسافت کی پریشانی کو ختم کرنے کے لیے 24 گھنٹے کے لیے میٹرو بس سروس چلائی جائے گی۔

ایئرپورٹ کی سیکیورٹی کے حوالے سے سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ سیکیورٹی کا معاملہ پنجاب کے وزارتِ داخلہ کے سامنے اٹھایا گیا ہے۔

یاد رہے کہ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے بھی اسلام آباد انٹرنیشل ایئرپورٹ کا اچانک دورہ کیا تھا جہاں انہوں نے ہوائی اڈے میں سہولیات کا جائزہ لیا۔

کارٹون

کارٹون : 26 نومبر 2024
کارٹون : 25 نومبر 2024