’پاکستان کا امریکی ہتھیاروں پر انحصار کم ہورہا ہے‘
واشنگٹن: بین الاقوامی اخبار فائنینشل ٹائمز کا کہنا ہے کہ پاکستان کا آہستہ آہستہ امریکی ہتھیاروں پر سے انحصار کم ہورہا ہے اور اس خلا کو چین پُر کر رہا جس کا اثر براہِ راست خطے کی سیاست پر پڑے گا۔
انگریزی زبان میں شائع ہونے والے جاپانی اخبار فائنینشل ٹائمز کی ایک طویل رپورٹ میں بتایا گیا کہ امریکی ہتھیاروں پر سے پاکستان کا انحصار کم ہونا اوباما انتظامیہ کے دورِ حکومت کے آخری کے دنوں میں شروع ہوا جب کانگریس نے پاکستان کو 8 ایف-16 طیاروں کی فروخت روک دی تھی۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ اوباما انتظامیہ کی جانب سے کیے والے اس فیصلے کو پاکستان میں اس ڈر کے تناظر میں دیکھا گیا کہ اب امریکا پر انحصار نہیں کیا جاسکتا، جو جدید ہتھیاروں میں پاکستان کا اہم ترین ذریعہ ہے۔
پاکستان نے ایف-16 کے بجائے چین کے اشتراک سے تیار ہونے والے جے ایف-17 تھنڈر کی جانب دیکھنا شروع کردیا جو اپنی صلاحیتوں کے اعتبار سے امریکی ساختہ طیارے کے ہی ہم پلہ ہے۔
مزید پڑھیں: جے ایف 17 بی تھنڈر کی پہلی کامیاب آزمائشی اڑان
امریکی پابندی نے پاکستان کو مجبور کیا کہ وہ اپنی فوجی طاقت کو امریکی ہتھیاروں سے دور کرتے ہوئے چین کے ہتھیاروں یا پھر ملکی سطح پر چین کے اشتراک سے بنائے گئے ہتھیاروں پر انحصار کرے۔
فائنینشل ٹائمز نے اپنی رپورٹ میں اسٹاکلم انٹرنیشنل پیس ریسرچ انسٹیٹیوٹ کے اعداد و شمار کا حوالہ دیا، جس میں کہا گیا ہے کہ 2010 سے پاکستان میں امریکی ہتھیاروں کی برآمدات ایک ارب ڈالر سے کم ہو کر 2 کروڑ 10 لاکھ ڈالر تک آگئی جبکہ دوسری جانب چینی ہتھیاروں کی برآمدات 74 کروڑ 70 لاکھ ڈالر سے کم ہوکر 51 کروڑ 40 لاکھ ڈالر تک پہنچ گئیں تاہم یہ اعداد و شمار چین کو پاکستان کے لیے سب سے بڑا ہتھیاروں کا برآمد کنندہ بناتے ہیں۔
رپورٹ میں کہا گیا کہ نئی دہلی اور واشنگٹن کے درمیان ہونے والی قربت میں اضافے کی وجہ سے پاکستان کے امریکا پر شکوک و شبہات بڑھ رہے تھے جو 2011 میں القاعدہ رہنما اسامہ بن لادن کی ہلاکت کے بعد مزید بڑھ گئے اور اس واقعے نے اسلام آباد اور واشنگٹن کے تعلقات کو مزید خراب کیا۔
پاک امریکا تعلقات کو اس وقت مزید جھٹکا لگا جب امریکا کے موجودہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے رواں برس جنوری میں پاکستان کی 2 ارب ڈالر کی فوجی امداد پر پابندی عائد کردی تھی۔
یہ بھی پڑھیں: ایف 16 طیارے: امریکی کمپنی بیک وقت پاکستان کی حامی اور مخالف
اس امریکی اقدام کے حوالے سے رپورٹ میں کہا گیا کہ واشنگٹن کا ماننا ہے کہ اسلام آباد اب افغانستان میں امریکا کی حمایت میں اتنا ذمہ دار نہیں رہا جتنا پہلے تھا۔
سیاسی تجزیہ کار ہیرسن ایکنس نے فائنینشل ٹائمز کو بتایا کہ ڈونلڈ ٹرمپ سے فیصلے نے اسلام آباد کو بیجنگ سے ہتھیار خریدنے پر مجبور کردیا۔
فائنینشل ٹائمز نے اپنی رپورٹ میں لکھا کہ پاکستان گزشتہ کئی دہائیوں سے بیجنگ سے ہتھیار خریدتا رہا ہے جس کا آغاز 1965 میں ہونے والی پاک بھارت جنگ کے تناظر میں امریکا کی جانب سے ہتھیاروں کی خریداری پر عائد پابندی کے بعد ہوا۔
رپورٹ میں کہا گیا کہ اس پابندی کے بعد سے جب بھی اسلام آباد اور واشنگٹن کے درمیان سفارتی تعلقات خراب ہوئے تو پاکستان نے چینی ہتھیاروں کی خریداری میں اضافہ کیا۔
مزید پڑھیں: خطے کی بدلتی صورتحال پاک چین تعلقات کے لیے آزمائش سے کم نہیں
چین نے 1990 اور 1980 کی دہائی میں پاکستان کو جوہری ہتھیار بنانے کے لیے سامان اور تکنیکی صلاحیت فراہم کی، جبکہ اس کے علاوہ چین نے 1990 کی ہی دہائی میں پاکستان کو 30 سے زائد ایم-11 بیلسٹک میزائلوں کی فروخت سے امریکا کو چونکا دیا جو جوہری ہتھیار لے جانے کی صلاحیت رکھتے تھے۔
ایک دفاعی تجزیہ نگار جان گریویٹ کا کہنا تھا کہ گزشتہ دہائی میں چین نے پاکستان کے ساتھ شراکت داری کو وسیع پیمانے تک بڑھا دیا۔
ان کا کہنا تھا کہ چین نے پاکستان کو 2010 کے بعد سے اے-100 راکٹ لاؤنچرز اور ایچ کیو-16 ایئر ڈیفنس میزائل سسٹم فراہم کیے جبکہ اس کے ساتھ ساتھ وی ٹی-4 ٹینک بھی فراہم کیے گئے جن کے تجربات اب بھی پاکستان میں جاری ہیں۔
رپورٹ میں ان تین ہتھیاروں کا بھی ذکر کیا گیا جو چین کی نئی صلاحیت کی ضامن ہیں اور جس نے جنوبی ایشیا میں امریکی اثرو رسوخ کے لیے خطرہ کھڑا کردیا۔
ان تین ہتھیاروں میں پہلا ہتھیار چین کے اشتراک سے تیار کردہ والا جے ایف -17 تھنڈر طیارہ شامل ہے، جس کی قیمت امریکی ایف-16 سے انتہائی کم ہے، تاہم چین نے اس کا ڈیزائن پاکستان کو فراہم کردیا ہے جس کے بعد اسلام آباد ان ہتھیاروں کو نہ صرف اپنے ملک میں بنا رہا ہے بلکہ ان کی فروخت بھی کر رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: چین، پاکستان میں فوجی اڈہ بنانے کا ارادہ رکھتا ہے: امریکی رپورٹ
دوسرا ہتھیار پاکستان کی جانب سے پاک افغان سرحد پر دہشت گردوں کے خلاف استعمال ہونے والا ڈرون طیارہ ہے، جو چینی ڈرون طیارے سے مشابہت رکھتا ہے۔
اس کے علاوہ تیسرا ہتھیار وہ 8 آبدوزیں ہیں جو چین نے پاکستان کو ایف-16 ہتھیاروں کی فروخت کے معاہدے کی منسوخی کے بعد 5 ارب ڈالر میں فروخت کیں تھیں اور یہ پاکستان کی تاریخ میں فوجی ہتھیاروں کی درآمد کی اب تک کی سب سے بڑی ڈیل تھی۔
یہ خبر 19 اپریل 2018 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی