• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

محمد وسیم فلائی ویٹ ورلڈ ٹائٹل جیتنے کیلئے پرعزم

شائع April 18, 2018

اسلام آباد: اسٹار پاکستانی باکسر محمد وسیم جولائی میں ہونے والے فلائی ویٹ ورلڈ ٹائٹل کی تیاریوں میں مصروف ہیں اور انہوں نے ملک کو ایک اور ٹائٹل جتوانے کا عزم ظاہر کیا ہے۔

انٹرنیشنل باکسنگ فیڈریشن (آئی بی ایف) فلائی ویٹ ورلڈ ٹائٹل کے لیے 15 جولائی کو ملائیشیا میں محمد وسیم جنوبی افریقن باکسر موروئی متھالین کے خلاف فائٹ کریں گے۔

محمد وسیم نے اپنے بیان میں کہا کہ میں نے ورلڈ باکسنگ کونسل سلور فلائی ویٹ کیٹگری میں ٹائٹل جیت رکھا ہے اور اس کا کامیاب دفاع بھی کیا لیکن بدقسمتی سے اسپانسرشپ مسائل کی وجہ سے میں اسے جاری نہ رکھ سکا لیکن اب مجھے انگلینڈ سے پروموٹر مل گیا ہے۔

واضح رہے کہ حکام کی عدم دلچسپی اور سرپرستی سے محرومی کے ساتھ ساتھ اسپانسرز نہ ہونے کے سبب پاکستان کے باکسنگ چیمپیئن محمد وسیم سے ان کی بیلٹ چھین کر ٹائٹل سے محروم کردیا گیا تھا۔

مزید پڑھیں: حکومتی سرپرستی سے محروم محمد وسیم سے ٹائٹل واپس لے لیا گیا

رواں سال مئی میں وسیم کو گولڈ بیلٹ کے لیے جاپانی باکسر سے فائٹ لڑنی تھی اور انہیں فائٹ کے لیے 7لاکھ ڈالرز کی خطیر رقم جمع کرانی تھی۔

لیکن اسپانسرز کی عدم دلچسپی اور حکومت کی جانب سے کسی بھی قسم کی امداد یا معاونت نہ ہونے کے سبب وہ یہ رقم جمع کرنے میں ناکام رہے اور فیس جمع کرانے کی آخری تاریخ گزر گئی جس پر محمد وسیم سے سلور بیلٹ واپس لے لی گئی تھی۔

وسیم نے کہا کہ مجھے تجربہ کار باکسر سے مقابلے کا سن کر خوشی محسوس ہو رہی ہے اور مجھے پورا یقین ہے کہ میں فائٹ جیت کر واپس وطن لوٹوں گا۔

وسیم نے کہا کہ میری ٹریننگ جاری ہے اور بہت جلد اپنے ٹرینر جیف مے ویدر کی نگرانی میں جدید تربیت کے لیے لاس ویگس جاؤں گا۔

متھالین نے کل 37 مقابلوں میں سے 35 فتوحات حاصل کر رکھی ہیں اور دو میں انہیں ناکامیوں کا سامنا کرنا پڑا جبکہ دوسری جانب وسیم 8 مقابلوں میں تمام میں کامیابیاں سمیٹ کر اب تک ناقابل شکست ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024