• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

سینیٹ انتخابات:عمران خان’ہارس ٹریڈنگ‘میں ملوث پارٹی ارکان کے نام سامنے لے آئے

شائع April 18, 2018
— فوٹو: ڈان نیوز
— فوٹو: ڈان نیوز

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے سینیٹ انتخابات میں ’ہارس ٹریڈنگ‘ میں ملوث 20 ارکان کو شوکاز نوٹس جاری کرنے کا اعلان کر دیا۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ ’پارٹی کے جن ارکان نے ووٹ بیچے انہیں اپنی صفائی پیش کرنے کا ایک موقع دیں گے وار شوکاز نوٹس کا جواب نہ دینے کی صورت میں معاملہ نیب کو بھجوایا جائے گا اور ضمیر بیچنے والوں کو پارٹی سے نکال دیا جائے گا۔‘

انہوں نے دعویٰ کیا کہ ’پی ٹی آئی اپنے تقریباً 30 فیصد رہنماؤں کو پارٹی سے نکال کر حقیقی معنوں میں ووٹ کے تقدس کا احترام کر رہی ہے، جبکہ اب دیگر جماعتوں کو بھی اسی طرح کا اقدام اٹھانا چاہیے۔‘

تحریک انصاف کی اعلیٰ قیادت کی جانب سے جن رہنماؤں پر ووٹ بیچنے کا شبہ ظاہر کیا گیا ان میں خواتین رہنماؤں میں دینا ناز، نرگس علی، نگینہ خان، فوزیہ بی بی اور نسیم حیات شامل ہیں۔

مرد رہنماؤں سردار ادریس، عبید مائر، زاہد درانی، عبدالحق، قربان خان، امجد آفریدی، عارف یوسف، جاوید نسیم، یاسین خلیل، فیصل زمان اور سمیع علی زئی شامل ہیں۔

مزید پڑھیں: ’ہارس ٹریڈنگ کی موجد پیپلز پارٹی سے سیاسی اتحاد کی گنجائش نہیں‘

پی ٹی آئی قیادت نے قومی وطن پارٹی سے تحریک انصاف میں شامل ہونے والے معراج ہمایوں، عوامی جمہوری اتحاد کی خاتون بی بی اور بابر سلیم اور مسلم لیگ (ن) سے پی ٹی آئی میں آنے والے وجیہ الزمان پر بھی ووٹ بیچنے کا شبہ ظاہر کیا۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ ان اراکین میں سے ہر رکن نے ووٹ فروخت کرکے اس کے تقدس کو مجروح کرنے کے عوض 4 چار کروڑ روپے لیے۔

انہوں نے سینیٹ الیکشن میں نہ بکنے والے اراکین کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ 29 اپریل کو پتہ چل جائے گا کہ عوام کس کے ساتھ ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ ماہ کے اوائل میں خیبر پختونخوا کے وزیر اعلیٰ پرویز خٹک نے عمران خان سے رابطے میں انہیں سینیٹ انتخابات کے دوران ہونے والی ہارس ٹریڈنگ سے متعلق پارٹی کی ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ سے آگاہ کیا تھا۔

پرویز خٹک نے عمران خان کو ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ کے حوالے سے بتایا کہ پارٹی کے 17 سے 20 ارکان پارلیمنٹ نے ووٹ فروخت کئے۔

یہ بھی پڑھیں: سیاستدان سینیٹ انتخابات میں ہارس ٹریڈنگ کے ثبوت پیش کرنے میں ناکام

انہوں نے مزید بتایا کہ ووٹ فروخت کرنے والوں میں اکثریت پی ٹی آئی کی خواتین ارکان کی ہے۔

ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ میں بتایا گیا کہ وفاداری تبدیل کرنے میں ناراض پی ٹی آئی ارکان کے ساتھ ساتھ کئی اہم ایم پی ایز بھی شامل ہیں۔

عمران خان نے وزیراعلیٰ پرویز خٹک کو ووٹ فروخت کرنے والے ارکان کی فہرست جلد از جلد فراہم کرنے کی ہدایت کی تھی۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024