• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

اکشے کمار کی سنیل شیٹھی اور پاریش راول کے ساتھ ’ہیرا پھیری‘

شائع April 17, 2018
پھر ہیرا پھیری 2006 میں ریلیز ہوئی تھی—اسکرین شاٹ
پھر ہیرا پھیری 2006 میں ریلیز ہوئی تھی—اسکرین شاٹ

معروف کامیڈی فلم سیریز ‘ہیرا پھیری‘ کی تیسری فلم کا شائقین کو بے حد انتظار ہے، تاہم گزشتہ 12 سال سے سیریز کی تیسری فلم کے حوالے سے کوئی خبر سامنے نہیں آسکی۔

تاہم اب یہ خبر سامنے آئی ہے کہ جلد ہی سیریز کی تیسری فلم کا اعلان کیا جائے گا، جس میں ممکنہ طور پر مرکزی کاسٹ کے لیے پہلی دونوں فلموں کے تینوں اداکاروں کو کاسٹ کیا جائے گا۔

اطلاعات ہیں کہ اکشے کمار ایک بار پھر سنیل شیٹھی اور پاریش راول کے ساتھ لوگوں سے ہیرا پھیری کرتے نظر آئیں گے۔

خیال رہے کہ اس سیریز کی پہلی فلم ’ہیرا پھیری‘ کے نام سے 18 سال قبل 2000 میں ریلیز ہوئی تھی، جس میں اکشے کمار، سنیل شیٹھی اور پاریش راول نے مرکزی کردار ادا کیے تھے۔

ہدایت کار پریا درشن کی اس فلم میں اوم پوری، تبو، نمرتا شرودھکر، گلشن گروور، رزاق خان، کلبوشھن کھلبندا، مشتاق خان اور کشمیرہ شاہ سمیت دیگر اداکاروں نے بھی جلوے دکھائے تھے۔

کامیڈی، رومانس اور احساس سے بھرپور اس فلم کی کامیابی کے بعد سیریز کی دوسری فلم ’پھر ہیرا پھیری‘ 6 سال بعد 2006 میں ریلیز کی گئی، جس میں ایک بار پھر اکشے کمار، سنیل شیٹھی اور پاریش راول مرکزی کرداروں میں نظر آئے۔

’پھر ہیرا پھیری‘ کی ہدایات نیرج وورا نے دی تھیں، اس کی دیگر کاسٹ میں بپاشا باسو، رمی سین، جوہنی لیور، راجپال یادیو، منوج جوشی، شرت سکسینا اور دنیش ہنگو سمیت دیگر اداکاروں نے جلوے دکھائے۔

—اسکرین شاٹ
—اسکرین شاٹ

پہلی فلم کی طرح دوسری فلم بھی سپر ہٹ ثابت ہوئی، تاہم 12 سال گزر جانے کے باوجود اس سیریز کی تیسری فلم سامنے نہیں آسکی۔

اطلاعات تھیں کہ سیریز کی تیسری فلم بنانے کے لیے پہلی فلم کے ہدایت کار پریا درشن اور پروڈیوسر فیروز نڈیاڈوالا کے درمیان اختلافات تھے، جس وجہ سے تیسری فلم نہیں بنائی جاسکی۔

تاہم اب اطلاعات ہیں کہ پہلی فلم کے ہدایت کار اور پروڈیوسر کے درمیان اختلافات ختم ہونے کے بعد اب امکان ہے کہ جلد ہی تیسری فلم بنانے کا اعلان کردیا جائے گا۔

—اسکرین شاٹ
—اسکرین شاٹ

ٹائمز آف انڈیا نے اپنی خبر میں بتایا کہ فیروز نڈیاڈوالا اور پریا درشن کے درمیان سیریز کی تیسری فلم بنانے کے حوالے سے پائے جانے والے اختلافات ختم ہوگئے۔

خبر کے مطابق حال ہی میں اکشے کمار کی جانب سے سوشل میڈیا پر سنیل شیٹھی کے ساتھ شیئر کی گئی تصویر کے بعد یہ چہ مگوئیاں تیز ہوگئی ہیں کہ دونوں اداکار ایک بار پھر اسکرین پر لوگوں کے ساتھ ’ہیرا پھیری‘ کرتے نظر آئیں گے۔

اطلاعات ہیں کہ سیریز کی تیسری فلم میں بھی پاریش راول ان کے ساتھ ہوں گے، تاہم نئی فلم کی دیگر کاسٹ کے حوالے سے کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہے۔

امکان ہے کہ سیریز کی تیسری فلم کی ہدایات پہلی فلم کے ہدایت کار پریا درشن ہیں دیں گے۔

فلم کی شوٹنگ کب شروع ہوگی اور اسے کب تک ریلیز کیا جائے گا، اس حوالے سے کوئی معلومات دستیاب نہیں، تاہم امکان ہے کہ اسے آئندہ برس کے اختتام تک ریلیز کردیا جائے گا۔

—اسکرین شاٹ
—اسکرین شاٹ

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024