• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

تحریک انصاف نے نگراں وزیراعظم کیلئے نام تجویز کر دیئے

شائع April 16, 2018
ڈاکٹر عشرت حسین (دائیں) اور جسٹس ریٹائرڈ تصدق حسین جیلانی (بائیں)
ڈاکٹر عشرت حسین (دائیں) اور جسٹس ریٹائرڈ تصدق حسین جیلانی (بائیں)

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے نگراں وزیر اعظم اور وزیر اعلیٰ پنجاب کے لیے تین ناموں کو حتمی شکل دے دی۔

پی ٹی آئی کے ترجمان فواد چوہدری نے کہا کہ پارٹی نے نگراں وزیر اعظم کے لیے جسٹس ریٹائرڈ تصدق حسین جیلانی، صنعت کار عبدالرزاق داؤد اور بینکر و ماہر معاشیات عشرت حسین کے ناموں کو حتمی شکل دی ہے۔

واضح رہے کہ موجودہ حکومت کی مدت 31 مئی کو ختم ہوجائے گی جس کے بعد انتخابات کے انعقاد کے لیے، جو ممکنہ طور پر جولائی کے آخر یا اگست کے پہلے ہفتے میں ہوں گے، ملک میں عبوری حکومت آئے گی۔

تحریک انصاف کے مطابق شاہ محمود قریشی نگراں وزیر اعظم کے لیے حتمی نام قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ کو پیش کریں گے، جو اس عہدے کے لیے اپوزیشن کے نامزد امیدوار وزیر اعظم کو پیش کرنے کے ذمہ دار ہیں۔

خورشید شاہ اور وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی پہلے ہی عبوری حکومت کے تمام اہم عہدوں کے لیے ایک مشاورتی ملاقات کر چکے ہیں۔

مزید پڑھیں: ‘نگراں وزیر اعظم کے لیے پیپلز پارٹی سے مشاورت نہیں ہوسکتی’

تصدق جیلانی چیف 2013 سے 2014 تک جسٹس پاکستان کی حیثیت سے خدمات انجام دے چکے ہیں، جبکہ گزشتہ سال انہیں بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو سے متعلق کیس میں عالمی عدالت انصاف میں پاکستان کی جانب سے ایڈہاک جج مقرر کیا گیا تھا۔

ماہر معاشیات ڈاکٹر عشرت حسین 1999 سے 2006 تک گورنر اسٹیٹ بینک رہے، جبکہ انہوں نے انسٹیٹیوٹ آف بزنس ایڈمنسٹریشن (آئی بی اے) کراچی کے مہتمم اعلیٰ کے فرائض بھی انجام دیئے۔

پیشے سے صنعت کار عبدالرزاق داؤد پرویز مشرف کی کابینہ میں 1999 سے 2002 تک وزیر تجارت رہ چکے ہیں۔

دوسری جانب تحریک انصاف کے ذرائع کا کہنا ہے کہ پنجاب کے نگراں وزیر اعلیٰ کے لیے پارٹی نے ڈاکٹر سلمان شاہ، شاہد کاردار اور سابق بیوروکریٹ طارق کھوسہ کے ناموں کو حتمی شکل دی ہے۔

ذرائع کے مطابق پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر محمودالرشید صوبے کی دیگر جماعتوں سے مشاورت کے بعد موجودہ وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کو یہ نام پیش کریں گے۔

ڈاکٹر سلمان شاہ وزیر خزانہ اور سابق وزیر اعظم شوکت عزیز کے مشیر برائے خزانہ کے فرائض انجام دے چکے ہیں۔

سابق کرکٹر عبدالحفیظ کاردار کے بیٹے شاہد کاردار اسٹیٹ بینک کے سابق گورنر رہے جبکہ اس وقت وہ لاہور کی بیکن ہاؤس نیشنل یونیورسٹی کے وائس چانسلر ہیں۔

طارق کھوسہ بطور سیکریٹری نارکوٹکس ریٹائر ہوئے تھے اور اپنی 38 سال کی سروس کے دوران انہوں نے کئی اہم عہدوں پر فرائض انجام دیئے۔

تبصرے (1) بند ہیں

Murad Apr 17, 2018 02:04am
Think these names for caretaker PM/CM are far more better leaders than what our people end up electing for decades.

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024