• KHI: Asr 4:12pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:04pm
  • ISB: Asr 3:26pm Maghrib 5:04pm
  • KHI: Asr 4:12pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:04pm
  • ISB: Asr 3:26pm Maghrib 5:04pm

فوج نے 10 سال بعد لوئر، اپر دیر کا کنٹرول سول انتظامیہ کے حوالے کردیا

شائع April 11, 2018

تیمر گرہ: فوجی حکام نے تقریباً 10 سال بعد دہشت گردی کا شکار رہنے والے صوبہ خیبرپختونخوا کے علاقے اپر دیر اور لوئر دیر کا کنٹرول سول انتظامیہ کے حوالے کردیا۔

دیر اسکاؤٹ فورٹ بالم بٹ میں ہونے والی پروقار تقریب میں جنرل آفیسر کمانڈنگ (جی او سی) مالاکنڈ میجر جنرل علی عامر اعوان بطور مہمانِ خصوصی شریک ہوئے۔

کمشنر مالاکنڈ ڈویژن سید ظہیرالاسلام ریجنل پولیس آفیسر (آر پی او) اختر حیات گنڈا پور، دیر ٹاسک فورس کمانڈنٹ کرنل شہزاد عامر، لوئر اور اپر دیر کے ڈپٹی کمشنر حضرات، ڈسٹرکٹ پولیس افسران (ڈی پی اوز)، صوبائی وزیر خزانہ مظفر سعید، ارکانِ صوبائی اسمبلی صاحبزادہ یعقوب خان، صاحبزادہ طارق اللہ سمیت علاقے کے عمائدین اور دیگر فوجی حکام نے شرکت کی۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے جی او سی مالاکنڈ میجر جنرل علی عامر اعوان کا کہنا تھا کہ لوئر اور اپر دیر میں تمام سیکیورٹی چیک پوسٹس پولیس کے حوالے کردی گئی ہیں، جبکہ سیکیورٹی فورسز سرحدی علاقوں پر تعینات رہیں گے، تاہم سیکیورٹی ادارے امن و امان کو قائم رکھنے کے لیے سول انتظامیہ سے بھرپور تعاون کریں گے۔

مزید پڑھیں: دیر میں فوج کی حمایت میں ریلی کا انعقاد

مقامی عمائدین، پولیس، میڈیا نمائندوں اور سول انتظامیہ کے کردار کو سرہاتے ہوئے جی او سی کا کہنا تھا کہ علاقے میں مکمل طور پر امن بحال کیا جاچکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ 10 برس قبل دہشت گردوں نے دیر اور سوات میں حکومتی رٹ کو چیلنج کیا تھا، اسی لیے فوج کو ان علاقوں کی ابتر صورتحال کی وجہ سے یہاں بھیجا گیا تھا۔

میجر جنرل علی عامر اعوان کا کہنا تھا کہ دہشت گرد ان علاقوں میں اسکولوں، ہسپتالوں، اور بازاروں کو بم دھماکوں سے تباہ کر رہے تھے، سیکیورٹی فورسز نے ان علاقوں میں ریاست مخالف عناصر کے خلاف آپریشن کیے جس میں 470 جوانوں نے جامِ شہادت نوش کیا۔

انہوں نے کہا کہ ان علاقوں سے دہشت گردوں کو ختم کردیا گیا ہے جبکہ حکومتی رٹ بھی بحال کردی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: اپردیر: خواتین نے 40 برس بعد ووٹ ڈال کر اپنا آئینی حق ادا کیا

جی او سی مالاکنڈ ڈویژن نے بتایا کہ اس علاقے میں 300 سے زائد زبوحالی کا شکار اسکولوں کو بحال کیا گیا جبکہ 32 نئے اسکول تعمیر کیے گئے، پولیس اور لیویز کو تربیت دی گئی جس کے بعد وہ کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار ہیں۔

اس موقع پر کمشنر مالاکنڈ سید ظہیرالاسلام اور دیر ٹاسک فورس کمانڈنٹ کرنل شہزاد عامر نے بھی خطاب کیا۔

قبلِ ازیں اہلکاروں نے مہمانِ خصوصی کو گارڈ آف اونر پیش کیا تھا جبکہ آرمی بینڈ نے دھنیں بجاکر شاندار مظاہرہ کیا۔


یہ خبر 11 اپریل 2018 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی

تبصرے (1) بند ہیں

umair hassan Apr 11, 2018 12:36pm
Very good step by Pakistan Army,

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024