ہولی وڈ اداکارکی جانب سے جنسی تعلق کے بدلے پیسے دیے جانے کا انکشاف
ہولی وڈ کے معروف اداکار و امریکی کامیڈین بل کوسبی کے حوالے سے انکشاف ہوا ہے کہ انہوں نے ماضی میں خواتین کو جنسی درندگی کا نشانہ بنانے کے بدلے متاثرہ خواتین کو رقم فراہم کی۔
80 سالہ بل کوسبی سے متعلق یہ نیا انکشاف گزشتہ روز امریکی ریاست پنسلوانیہ کی عدالت میں ان کے خلاف دوبارہ شروع کیے گئے ٹرائل کی پہلی سماعت کے موقع پر کیا گیا۔
خبر رساں ادارے ‘اے ایف پی’ کے مطابق 80 سالہ بل کوسبی کے خلاف خواتین کو جنسی طور پر ہراساں کرنے اور انہیں مبینہ طور پر ‘ریپ’ کا نشانہ بنائے جانے کے پرانے مقدمے کا دوبارہ آغاز ہوا۔
کیس دوبارہ شروع ہونے کی پہلی سماعت کے دوران سرکاری وکیل نے عدالت میں دلائل دیے کہ بل کوسبی نے 2004 میں یونیورسٹی کی ایک سابق ملازمہ کو جنسی درندگی کا نشانہ بنائے جانے پر 33 لاکھ 80 ہزار ڈالر(پاکستانی 33 کروڑ 80 لاکھ سے زائد) کی رقم فراہم کی۔
خیال رہے کہ بل کوسبی کے خلاف کم سے کم 60 خواتین و اداکاراؤں نے جنسی طور پر ہراساں کرنے اور ‘ریپ’ کا نشانہ بنائے جانے کا الزام عائد کیا تھا۔
ان کے خلاف سب سے پہلے 3 سال قبل 2015 کو اس مقدمے کا آغاز ہوا، ان کے خلاف متعدد سماعتیں بھی ہوئیں۔
بل کوسبی کے خلاف اپنی اہلیہ سمیت دیگر 10 خواتین نے ہتک عزت کا بھی مقدمہ کر رکھا تھا۔
ایک موقع پر عدالت نے ان پر فرد جرم بھی عائد کی تھی، تاہم بعد ازاں 2017 میں حیران کن طور پر انہیں اسی کیس سے جڑے متعدد معاملات میں بڑی کرکے مقدمے کو بند کردیا گیا۔
تاہم اب ہولی وڈ سمیت دنیا بھر میں خواتین و اداکاراؤں کو جنسی زیادتی کا نشانہ بنائے جانے کے خلاف شروع ہونے والی ‘می ٹو’ اور ‘ٹائمز اپ’ مہم کے بعد ان کے اسی مقدمے کا دوبارہ آغاز کیا گیا ہے۔
بل کوسبی پر 44 سالہ سابق باسکٹ بال کھلاڑی آندریا کونسٹائڈ کو بھی ‘ریپ’ کا نشانہ بنائے جانے کا الزام ہے، جس متعلق ان کیس کے دوبارہ شروع ہونے پر دلائل دیے گئے۔
بل کوسبی پر الزام ہے کہ انہوں نے 14 سال قبل یعنی 2004 میں فلاڈیلفیا میں اپنے گھر پر آندریا کونسٹائڈ کو نشہ اور منشیات دینے کے بعد ‘ریپ’ کا نشانہ بنایا۔
بل کوسبی ان الزامات کو مسترد کرتے ہوئے اس بات کو تسلیم کرتے ہیں کہ ان کے اور آندریا کونسٹائڈ کے درمیان ‘جنسی تعلق’ قائم ہوئے، وہ ‘ریپ’ کے الزامات کو مسترد کرچکے ہیں۔
بل کوسبی کے خلاف کیس کے دوبارہ شروع ہونے پر سرکاری وکیل کیون اسٹیل نے عدالت کے سامنے انکشاف کیا کہ اداکار نے اپنے اس جرم کو چھپانے کے لیے 33 لاکھ 80 ہزار ڈالر کی رقم ادا کی۔
سرکاری وکیل نے عدالت میں بل کوسبی کے پرانے بیانات کو پیش کرتے ہوئے کہا کہ اداکار ماضی میں آندریا کونسٹائڈ کے ساتھ باہمی تعلقات کو تسلیم کرچکے ہیں، تاہم وہ باہمی تعلقات نہیں تھے۔
سرکاری وکیل کے مطابق بل کوسبی نے آندریا کوسٹائڈ کو جنوری کی ایک رات کے دوران اپنے گھر میں اس وقت ‘ریپ’ کا نشانہ بنایا جب وہ کچھ بھی کرنے کے قابل نہیں تھی۔
خیال رہے 44 آندریا کونسٹائڈ کا تعلق کینیڈا سے ہے، وہ کینیڈا کی ویمن باسکٹ بال ٹیم میں کھیلنے سمیت مختلف ممالک کے کلب کے ساتھ بھی کھیل چکی ہیں۔
80 سالہ بل کوسبی نے 1960 کی دہائی میں کیریئر کی شروعات کی، انہوں نے 1980 کے بعد ‘دی کوسبی شو’ کے نام سے مقبول ٹاکنگ شو شروع کیا، جس میں کئی خواتین و اداکارائیں شامل ہوئیں۔
بل کوسبی کے خلاف اسی پروگرام میں شامل ہونے والی کئی خواتین نے بھی جنسی طور پر ہراساں کرنے اور ‘ریپ’ کا الزام لگایا۔
بل کوسبی کے خلاف دوبارہ کیس کے آغاز کی پہلی سماعت کے دوران عدالت کے باہر خواتین نے برہنہ احتجاج بھی کیا۔
برہنہ احتجاج کرنے والی خواتین میں ایک ان کے ٹی وی شو ‘دی کوسبی شو’ میں 4 بار شامل ہونے والی ایک خاتون بھی تھی، جو برہنہ حالت میں بل کوسبی کی جانب دوڑیں تو پولیس نے انہیں گرفتار کرلیا۔
خیال کیا جا رہا ہے کہ اگر بل کوسبی کے خلاف جرم ثابت ہوگیا تو انہیں کم سے کم 10 سال قید کی سزا ہوسکتی ہے۔