کوئٹہ: بلیلی روڑ میں خود کش دھماکا، 5 ایف سی اہلکار زخمی
کوئٹہ کے علاقے بلیلی روڑ میں مبینہ خود کش دھماکے کے نتیجے میں کم ازکم 5 ایف سی اہلکار زخمی ہوگئے۔
پولیس کا کہنا تھا کہ ایف سی کی گاڑی جب بلیلی روڑ پہنچی تو خود کش حملہ آور نے خود کو دھماکے سے اڑا دیا جس کے نتیجے میں 5 اہلکار زخمی ہوگئے جبکہ پورا علاقہ دھماکے سے لرز گیا۔
زخمیوں کو فوری طور پر کمبائنڈ ملٹری ہسپتال منتقل کردیا گیا اور ہسپتال میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی۔
ڈائریکٹر سول ڈیفنس اسلم ترین کا کہنا تھا کہ یہ ایک خود کش دھماکا تھا جس میں 8 سے 10 کلو گرام دھماکا خیز مواد استعمال کیا گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ خود کش حملہ آور کی عمر بظاہر 20 سے 22 برس کے درمیان تھی۔
یہ بھی پڑھیں:کوئٹہ میں سیکیورٹی فورسز کے چیک پوسٹ میں دھماکے سے 6 اہلکار شہید
دھماکے سے سیکیورٹی فورسز کی گاڑی بھی تباہ ہوگئی۔
خیال رہے کہ کوئٹہ کے بلیلی روڑ کو شہر کا ایک حساس علاقہ تصور کیا جاتا ہے جہاں اس سے قبل بھی سیکیورٹی کے چیک پوائنٹ پر اس طرح کے حملے ہوتے رہے ہیں۔
گزشتہ ماہ 22 مارچ کو کوئٹہ میں سکیورٹی فورسز کی گاڑی پر خود کش حملے کی کوشش ناکام بنا دی گئی تھی جبکہ بروقت جوابی کارروائی کے نتیجے میں خود کش حملہ آور ہلاک ہو گیا تھا۔
قبل ازیں 28 فروری کو کوئٹہ کے مضافاتی علاقے میں ہونے والے زور دار دھماکے کے نتیجے میں 6 سیکیورٹی اہلکار شہید اور 5 زخمی ہوگئے تھے۔
مزید پڑھیں:کوئٹہ میں سیکیورٹی فورسز کی گاڑی پر فائرنگ، 4 اہلکار شہید
کوئٹہ کے علاقے درویش بلیلی میں قائم فرنٹئیر کور (ایف سی) کے چیک پوائنٹ پر دھماکا ہوا تھا۔
سیکیورٹی عہدیدار کا کہنا تھا کہ دھماکے کی نوعیت کے حوالے سے حتمی طور پر کچھ نہیں کہا جاسکتا تاہم 'یہ خود کش حملہ نظر آرہا ہے'۔
کوئٹہ کے علاقے سمنگلی روڈ پر اسی روز نامعلوم افراد نے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ پولیس (ڈی ایس پی) حمید اللہ کی گاڑی پر فائرنگ کردی تھی جس کے نتیجے میں اسکواڈ میں شامل دو پولیس اہلکار موقع پر ہی شہید ہوگئے تھے۔
زرغون روڈ پر خودکش حملے کے نتیجے میں 5 پولیس اہلکاروں سمیت 7 افراد جاں بحق جبکہ اہلکاروں سمیت 18 افراد زخمی ہوگئے تھے۔
14 فروری کو کوئٹہ میں نامعلوم مسلح افراد کی سیکیورٹی فورسز کی گاڑی پر فائرنگ سے 4 اہلکار شہید ہوگئے تھے۔